امریکی انسٹیٹیوٹ نے 2026 کے رنگ کا اعلان کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) امریکا کے پین ٹون کلر انسٹیٹیوٹ کے ماہرین نے 2026کے رنگ کا اعلان کر دیا ۔
انسٹیٹیوٹ کی جانب سے ہر سال کے لیے ایک رنگ کا انتخاب کیا جاتا ہے اور 2026 کے لیے اس نے سفید یا وائٹ رنگ کے ایک شیڈ کاانتخاب کیا ہے،سفید رنگ کے شیڈ کلاؤڈ ڈانسر کو 2026 کا رنگ قرار دیا گیا ہے۔
یہ شیڈ دیکھنے میں سادہ سفید رنگ ہی ہے مگر انسٹیٹیوٹ کا اصرار ہے کہ یہ سفید کا ایک ذیلی رنگ ہے،یہ مدھم اور متوازن سفید رنگ سکون کا احساس پیدا کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ دورمیں ٹیکنالوجی نے روزمرہ کی زندگی کو مضبوطی سے اپنی گرفت میں لے لیا ہے اور کلاؤڈ ڈانسر مضطرب معاشرے میں سکون پیدا کرے گا،یہ رنگ نئے آغاز سے منسلک ہے اور نئے آغاز کے لیے ہماری خواہش کو بڑھائے گا۔

خیال رہے کہ اس انسٹیٹیوٹ کی جانب سے 1999 سے ہر سال کے لیے رنگوں کا اعلان کیا جا رہا ہے، اس طرح اسے 26 سال مکمل ہوگئے ہیں،26 سال میں پہلی بار انسٹیٹیوٹ کی جانب سے سفید رنگ کے کسی شیڈ کو منتخب کیا گیاہے۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کی ضمانت منظور
ہر سال کے رنگ کے انتخاب کے لیے انسٹیٹیوٹ کے ماہرین موجودہ ثقافتی، سیاسی اور سٹائل سے جڑے ٹرینڈز کا تجزیہ کرکے کسی رنگ کے مخصوص شیڈ کا انتخاب کرتے ہیں۔
انسٹیٹیوٹ نے 2025 کے لیے براؤن رنگ کے شیڈ Mocha Mousse کا انتخاب کیا تھا جبکہ 2024 کے لیے نارنجی مائل ہلکے گلابی رنگ کا انتخاب کیا گیاتھا جسے Peach Fuzz قرار دیا گیاتھا،اس سے قبل 2023 کے لیے سرخ رنگ کے ایک شیڈ Viva Magenta جبکہ 2022 کے لیے جامنی رنگ کے ایک شیڈ Very Peri کا انتخاب کیا گیاتھا۔