اتحاد ایئر ویزنے کرائے آدھے کر دیئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث خطے میں فضائی سفر اور سیاحت شدید متاثر ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں ابوظہبی کی سرکاری ایئرلائن ’اتحاد ایئرویز‘ نے مسافروں کو راغب کرنے کے لیے طویل فاصلے کی پروازوں پر 50 فیصد تک کی بڑی رعایتوں کا اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ رعایتیں مئی اور جون کے دوران سفری طلب بڑھانے اور خالی نشستیں بھرنے کے مقصد سے متعارف کرائی گئی ہیں۔
یہ ایئرلائن، جو خلیج کی تین بڑی ایئرلائنز میں شمار ہوتی ہے، حالیہ برسوں کے مقابلے میں انتہائی کم کرایے پیش کر رہی ہے۔
لندن سے سڈنی تک ابوظہبی کے راستے اکانومی کلاس کے ریٹرن ٹکٹ کی قیمت صرف 688 پاؤنڈ سے شروع ہو رہی ہے، جبکہ بزنس کلاس کے ریٹرن کرایے 2 ہزار 465 پاؤنڈ سے دستیاب ہیں۔
اسی نوعیت کی نمایاں رعایتیں سنگاپور، ہانگ کانگ، بینکاک، مالدیپ اور ٹوکیو جیسے اہم مقامات کے لیے بھی دی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:عوام کیلئے بری خبر! موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ
یہ قیمتیں دیگر ایئرلائنز کے مقابلے میں واضح طور پر کم ہیں۔
مثال کے طور پر برٹش ایئرویز پر لندن سے سڈنی کے اکانومی ریٹرن ٹکٹ کی قیمت تقریباً 1850 پاؤنڈ ہے، جبکہ بزنس کلاس دس ہزار پاؤنڈ سے تجاوز کر جاتی ہے۔
بعض اطلاعات کے مطابق اتحاد ایئرویز کے موجودہ کرایے کورونا وبا کے عروج کے دوران پیش کیے گئے نرخوں سے بھی کم ہیں۔
یہ غیر معمولی رعایتیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی نے خطے میں فضائی سفر کو شدید متاثر کیا ہے۔
متعدد پروازیں منسوخ یا متاثر ہو چکی ہیں، جس کے باعث خلیجی ایئرلائنز کو خالی نشستوں کا سامنا ہے، اتحاد ایئرویز کو توقع ہے کہ جولائی تک حالات بہتر ہو جائیں گے اور کرایے دوبارہ معمول پر آ جائیں گے۔