پی ٹی آئی کا پاک بھارت کشیدگی پر حکومتی بریفنگ میں شرکت کرنے سے انکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاک بھارت کشیدگی پر حکومتی بریفنگ میں شرکت کرنے سے انکار کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں حکومت کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے،پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم کے مطابق، پی ٹی آئی نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کی ہے اور اس قومی معاملے پر یکجہتی کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان اس وقت ناجائز طور پر قید میں ہیں تاہم انہوں نے جیل سے بھی قوم کے نام اپنے پیغامات میں دہشت گردی کی مذمت کی اور قومی اتحاد و یکجہتی پر زور دیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کا مؤقف واضح اور جرات مندانہ ہے جو ایک قومی رہنما کی سوچ کا مظہر ہے اور قوم کو متحد رہنے کا پیغام دیتا ہے،شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ملک و قوم کے دفاع کے لیے ہر اول دستے میں کھڑی ہوگی، ساتھ ہی حکومت سے مطالبہ کیا کہ حالیہ صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر آل پارٹی کانفرنس بلائی جائے تاکہ تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں ؛ وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں 140فیصد سے زائد اضافہ