گھروں کی مرمت و تعمیرات کیلئے مزید بلا سود قرضوں کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) حکومتِ پنجاب نے کم آمدن والے اور بے گھر افراد کے لیے شروع کیے گئے "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھاتے ہوئے خستہ حال مکانات کی مرمت اور چھت کی تعمیر کے لیے بھی بلاسود قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب مستحق شہری نئے گھر کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اپنے موجودہ مکان کی مرمت یا چھت ڈالنے کے لیے بھی 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض حاصل کر سکیں گے۔
اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ، بینک آف پنجاب کے صدر اور ڈی جی پھاٹا نے شرکت کی، جبکہ پروگرام کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق "اپنی چھت اپنا گھر" اسکیم کے تحت اب تک ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران مزید ایک لاکھ خاندانوں کو اس سہولت سے مستفید کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق اس پروگرام سے کم آمدن والے، بے گھر اور کچے یا خستہ حال گھروں میں رہنے والے مستحق خاندان براہِ راست فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام قرضے مکمل طور پر بلاسود، کم لاگت اور شفاف طریقہ کار کے تحت جاری کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہری 5 سے 10 لاکھ روپے تک کے قرض کے لیے ای پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکیں گے، جس سے دفاتر کے چکر لگانے اور طویل قطاروں میں انتظار کی ضرورت نہیں رہے گی، اور درخواست کا پورا عمل گھر بیٹھے مکمل کیا جا سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں :ایل این جی کی قیمتوں میں 16 اعشاریہ 17 فیصد تک اضافہ