عاشورہ محرم :فول پروف سیکورٹی کیلئے موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)محرم الحرام عاشورہ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے حساس علاقوں میں موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے صوبوں کی درخواست پر موبائل فون سروس بند کرنے کے حوالے سے پی ٹی اے کو ہدایات جاری کردیں۔
ذرائع کے مطابق صوبہ پنجاب کی درخواست پر 23 اضلاع میں عاشورہ کے موقع پر موبائل و انٹرنیٹ سروس بند رہے گی، شیخوپورہ ،گوجرانوالہ،نارووال،گجرات،منڈی بہاؤالدین اور وزیر آباد میں بھی متعین کردہ مختلف اوقات میں موبائل و انٹرنیٹ سروس بند رہے گی۔
چکوال،راولپنڈی،سرگودھا،خوشاب،میانوالی،بھکر، فیصل آباد، جھنگ،ملتان ،لودھراں،اوکاڑا،پاک پتن اور ڈی جی خان میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہے گی۔
راجن پور ،لیہ،بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی مختلف اوقات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہے گی ۔
پولیس ترجمان کے مطابق پشاورمیں موبائل فون سروس آج آٹھ محرم الحرام نمازِ جمعہ کے بعد بند کر دی جائے گی جو یوم عاشور (اتوار) کی شب 10 بجے کے بعد بحال کی جائے گی،ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کو مؤثر بنانے، حساس علاقوں میں نگرانی بہتر بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے.
یہ بھی پڑھیں:سٹاک ایکسچینج میں تیز ی کا رجحان ،انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
سیکیورٹی ادارے ڈرون کیمروں، سی سی ٹی وی اور دیگر ٹیکنالوجی کے ذریعے جلوسوں کی نگرانی بھی کریں گے۔