منی لانڈرنگ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اےکراچی زون کا دورہ کیا اور کارکردگی کا جائزہ لیا

Jan 04, 2026 | 13:36:PM
 منی لانڈرنگ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( آصف جعفری)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ، جعلی ادویات اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
 محسن نقوی نے ایف آئی اےکراچی زون کا دورہ کیا اور ایف آئی اے کراچی زون اور ساؤتھ زون کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں محسن نقوی نے منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے اور منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کی پوری منی ٹریل بے نقاب کی جائے، حوالہ ہنڈی کا کاروبارکسی صورت برداشت نہیں، بلاامتیاز ایکشن نظرآنا چاہیے۔
انہوں نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس مافیا کیخلاف مؤثر کارروائی کا حکم بھی دیا اور کہا کہ معصوم لوگوں کو جھانسہ دےکرباہربھجوانے والے رتی بھر رعایت کے مستحق نہیں، بغیر دباؤ ایجنٹس مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والے انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے کراچی زون میں انسانی وسائل کی کمی ترجیحی بنیادوں پردورکی جائےگی، تمام ضروری وسائل دیں گے،کارکردگی سے ادارے کی نیک نامی بڑھانی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ محسن نقوی کا بیرون ملک سفر کرنے والوں کے لئے بڑا اعلان
اجلاس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 4 ماہ میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا، 140 ملین روپے کی نان کسٹم مصنوعات اور ڈرگز ضبط کی گئیں، مسافروں کی سہولت کیلئے کراچی ائیر پورٹ پر سہولت سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے انچارج افسران سے ان کے متعلقہ سرکلز کی کارکردگی رپورٹ طلب کی اور مزید محنت سے کام کرنے کی ہدایت کی.

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساوتھ مجاہد اکبر خان، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی منی لانڈرنگ، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی سمگلنگ ، ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن،ڈپٹی ڈائریکٹر کرائمز اور ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سمیت تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز اور متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔