کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا؛فیلڈ مارشل عاصم منیر 

Feb 04, 2026 | 22:09:PM
کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا؛فیلڈ مارشل عاصم منیر 
کیپشن: فیلڈ مارشل سید عاصم حالیہ دہشتگردحملوں میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کرتے ہوئے
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی،کسی بھی جواز کے تحت تشدد اور دہشت گردی کو درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان  کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا، کوئٹہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔

 فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کوئٹہ گئے، جہاں انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی،فیلڈ مارشل نے زخمی اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہا اور مادرِ وطن کو غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے بچانے پر ان کی جرات اور استقامت کی تعریف کی۔

بیان کے مطابق اس اہم دورے پر فیلڈ مارشل کو سیکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی ،انہیں داخلی سلامتی، سیکیورٹی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی،فیلڈ مارشل کو بھارتی حمایت یافتہ، بین الاقوامی سطح پر نامزد دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کی جانب سے حالیہ دہشت گرد حملوں اور سیکیورٹی فورسز کے فوری اور بھرپور ردعمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 بریفنگ میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کے بروقت اقدامات کے باعث بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششیں ناکام بنائی گئیں،ریاست کی رِٹ مزید مضبوط بنانے، عوام اور اہم تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

 فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانیوں کو سراہا، فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا گیا اور امن و امان برقرار رکھا گیا۔

 فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ کسی بھی بہانے سے تشدد اور دہشت گردی کو جواز فراہم نہیں کیا جا سکتا، سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاکستان دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔

یہ بھی پڑھیں :  ایران کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے برادرانہ کردار ادا کیا، کوشش ہے کہ معاملہ بات چیت کے ذریعے حل ہو،وزیراعظم