رواں مالی سال میں سیمینٹ کی مجموعی کھپت میں 7 اعشاریہ 21 فیصد اضافہ

Jul 03, 2026 | 18:49:PM
رواں مالی سال میں سیمینٹ کی مجموعی کھپت میں 7 اعشاریہ 21 فیصد اضافہ
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اشرف خان) آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (APCMA) کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران ملک میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت میں 7.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت 5 کروڑ 5 لاکھ 15 ہزار ٹن رہی، جبکہ مقامی کھپت میں 9.5 فیصد اضافہ کے ساتھ یہ حجم 4 کروڑ 15 لاکھ ٹن تک پہنچ گیا۔

تاہم اسی عرصے کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 2.19 فیصد کمی دیکھی گئی، جس کے بعد مجموعی برآمدات کم ہو کر 90 لاکھ 8 ہزار ٹن رہ گئیں۔

جون 2026 کے اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 18.36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور یہ 43 لاکھ 31 ہزار ٹن رہی۔ اسی طرح مقامی فروخت 27 فیصد اضافے کے ساتھ 35 لاکھ 41 ہزار ٹن تک پہنچ گئی۔

تاہم جون میں سیمنٹ کی برآمدات میں 8.73 فیصد کمی دیکھی گئی، جو 7 لاکھ 89 ہزار 840 ٹن رہی، جبکہ جون 2025 میں یہ 8 لاکھ 65 ہزار 387 ٹن تھیں۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق آئندہ مہینوں میں ملکی اور عالمی منڈیوں میں سیمنٹ کی طلب مستحکم رہنے کی توقع ہے۔ ادارے نے یہ بھی کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے پرامن حل سے توانائی کی مستحکم اور مسابقتی فراہمی ممکن ہوگی، جس سے صنعت کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب بھر میں بارش برسانے والا مون سون سسٹم کب داخل ہوگا؟