برزل پاس میں برفانی تودہ گرنے سے کیپٹن اسمد گلفام سمیت 3جوان شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور) برزل پاس میں برف ہٹانے کے آپریشن کے دوران برفانی تودہ گرنے سے کیپٹن اسمد گلفام سمیت 3جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 2 اور 3 جنوری 2026 کی درمیانی شب برزل پاس میں برف ہٹانے کا آپریشن جاری تھا۔آپریشن کا مقصد علاقے میں فوج کی آپریشنل نقل و حرکت کو یقینی بنانا تھا۔برف ہٹانے کا یہ آپریشن بھاری مشینری کے ذریعے انجام دیا گیا،جس کی قیادت کیپٹن اسمد گلفام کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 03 جنوری 2026 کو تقریباً رات 2 بجے آپریشن کے دوران اچانک برفانی تودہ گرنے سے کیپٹن اسمد، دو جوان اور پی ڈبلیو ڈی کا ایک سویلین مشین آپریٹر برف تلے دب گئے۔شدید اورمسلسل ریسکیو آپریشن کے بعد چاروں افراد کو برف سے نکال لیا گیا۔تاہم کیپٹن اسمد، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ کی حالت تشویشناک تھی جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء نے انتہائی خراب موسمی حالات میں مشکل ترین آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے افواج کی نقل و حرکت کو ممکن بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔یہ عظیم قربانی اس امر کی واضح مثال ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کے تمام افسران اور جوان مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ پاک فوج کے افسر و جوان فرض کی راہ میں جان دینے سے دریغ نہیں کرتے۔
یہ بھی پڑھیں:آئندہ 3 روز انتہائی، اہم این ڈی ایم اے نےالرٹ جاری کردیا