والدکی قوالی سن کر 400 افرادنے اسلام قبول کرلیاتھا:بیٹاامجد صابری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)نامور قوال امجد صابری مرحوم کے صاحبزادے مجدد امجد صابری نےانکشاف کیاہے کہ ان کے والد کی قوالی سن کر 400لوگوں نےاسلام قبول کیاتھا۔
مجددامجدصابری نےایک نجی ٹی وی کی رمضان نشریات میں فرانس میں پیش آنے والے ایک غیر معمولی واقعے کا ذکر کر تے ہوئے بتایاکہ وہاں ان کے والد امجدصابری کی روح پرور قوالی نے تقریباً 400 حاضرین کو اسلام قبول کرنے پر مجبور کر دیاتھا ۔
مجدد امجد صابری کے مطابق ان کے والد امجد صابری فرانس میں ایک تقریب میں قوالی پیش کر رہے تھے جب انہوں نے اپنا مشہور کلام یا محمد نورِ مجسم، یا حبیبی یا مولائی پڑھا توپرفارمنس کے بعد ایک گروپ کے شرکا مترجم کے ہمراہ سٹیج کے پیچھے آئے اور بتایا کہ اگرچہ وہ الفاظ کا مطلب نہیں سمجھ سکے، مگر پیغمبر محمد ﷺ کے نام نے انہیں بے حد سکون اور راحت دی ہے۔
اس بات سے متاثر ہو کر امجد صابری نے انہیں اسلام کا پیغام دیا اور تقریب کے اختتام تک تقریباً 400 سے 500 افراد نے اسلام قبول کیا اور کلمہ پڑھا۔
واضح رہے کہ امجد صابری کو22 جون 2016ء کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں قاتلانہ حملے میں شہید کر دیا گیا تھا،ان کے والد مرحوم حاجی غلام فرید صابری اور چچا حاجی مقبول احمد صابری بھی مقبول قوال تھے۔