آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی پالیسی نئے رہبر انقلاب کی قیادت میں بھی جاری رہے گی؛ایرانی سفیر

Jul 02, 2026 | 22:12:PM
آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی پالیسی نئے رہبر انقلاب کی قیادت میں بھی جاری رہے گی؛ایرانی سفیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک)پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ مرحوم ایرانی رہنما آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی قیادت نے ایران کو قومی اتحاد اور دفاعی صلاحیت فراہم کی، جبکہ یہ پالیسی نئے رہبر انقلاب کی قیادت میں بھی جاری رہے گی۔

اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز (IRS) کے زیر اہتمام "علاقائی امن کے قیام میں پاکستان کا کردار، ایران کی اسٹریٹجک حیثیت، علاقائی ہم آہنگی اور استحکام کی راہ" کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران حالیہ جنگی صورتحال سے سرخرو ہو کر نکلا ہے اور ملک کی دفاعی صلاحیت، قومی یکجہتی اور قیادت نے اس میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ایران کی حمایت اور جنگ بندی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری دونوں ممالک کے لیے اہم ہے۔

رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ ایران کی دفاعی طاقت، خصوصاً میزائل، ڈرون اور الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں کی بنیاد سابق قیادت کی اسٹریٹجک سوچ پر استوار ہے۔ ان کے مطابق ملکی قیادت، حکومت اور عوام کے درمیان اتحاد ایران کی دفاعی حکمت عملی کا بنیادی ستون ہے، سفیر ایران نے فلسطین، لبنان اور یمن کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی کامیابی ان ممالک کے شہدا کے نام کرتا ہے، سیمینار سے انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے سربراہ جوہر سلیم، پاکستان کے سابق سفیر آصف علی خان درانی اور ایرانی سفارت خانے کی ریسرچ کونسلر زہرہ شاہ بیک نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے ایران اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون، جنگ بندی کے بعد پیدا ہونے والے مواقع اور میڈیا کے کردار پر اظہار خیال کیا، دریں اثناء، دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا  کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جمعہ کو تہران جائیں گے جہاں وہ ایرانی قیادت سے متعلق سرکاری تعزیتی تقریب میں شرکت کریں گے۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان
ٹیگز: