سندھ میں رین ایمرجنسی نافذ ،شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احسن عباسی)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے،وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انتظامیہ و بلدیاتی ادارے متحرک رہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر شہر کے مختلف مقامات پر ایمرجنسی کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں شہریوں کو فوری امدادی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، کے ایم سی، ٹی ایم سیز اور ریسکیو ادارے فیلڈ میں سرگرم ہیں اور تمام ڈپٹی کمشنرز، بلدیاتی اداروں اور ریسکیو سروسز کو اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے،نشیبی علاقوں کی نگرانی اور ہنگامی مشینری کی دستیابی بھی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی رسپانس سسٹم فعال کر دیا گیا ہے۔
نرسری، نیپا چورنگی، نیشنل اسٹیڈیم، نمائش چورنگی، صفورا چورنگی، سہراب گوٹھ، ملیر، ماڈل کالونی، کالا بورڈ، نیشنل ہائی وے، سعود آباد چورنگی، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل ٹاؤن اور دیگر اہم مقامات پر رین ایمرجنسی کیمپس قائم جبکہ انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی،8خوارج جہنم واصل
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مختلف تعلیمی اداروں میں بھی عارضی ریلیف کیمپس فعال ہیں۔
کمشنر کراچی نے بھی کہا کہ ٹی ایم سیز کا عملہ اور مشینری فیلڈ میں موجود ہے جبکہ سندھ ریسکیو کی ٹیمیں متحرک ہیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔