لاجسٹک آپریشن :اسرائیل کا امریکہ سے مزید 6500 ٹن فوجی سازو سامان وصول کرنے کا دعویٰ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے ایک بڑے لاجسٹک آپریشن کے تحت اسے مزید 6,500 ٹن فوجی ساز و سامان فراہم کیا ہے، جس میں گولہ بارود، فوجی گاڑیاں اور دیگر جنگی آلات شامل ہیں۔
یہ سامان فضائی اور بحری راستوں کے ذریعے مختلف بندرگاہوں پر پہنچایا گیا ہے۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع کے مطابق امریکہ کی جانب سے کیے گئے ایک وسیع فضائی اور بحری آپریشن کے تحت ہزاروں ٹن گولہ بارود اور فوجی ساز و سامان اسرائیل پہنچایا گیا ہے۔
یہ سامان اشدود اور حیفہ کی بندرگاہوں پر دو بڑے کارگو بحری جہازوں کے ذریعے اتارا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس کھیپ میں فضائی اور زمینی ہتھیاروں کے ہزاروں یونٹس، فوجی ٹرکس، اور جدید جنگی گاڑیاں شامل تھیں، یہ ترسیل بین الاقوامی سطح پر مربوط لاجسٹک آپریشن کا حصہ تھی۔
مزید پڑھیں:یو اے ای میں بھی پیٹرول مہنگا، نئی قیمت تقریباً 278 روپے فی لیٹر مقرر
اسرائیلی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ یہ سامان فضائی اور بحری پل کے ذریعے پہنچایا جا رہا ہے، جس کے تحت اب تک مجموعی طور پر 115,600 ٹن سے زائد فوجی سامان اسرائیل منتقل کیا جا چکا ہے۔
یہ ترسیل 403 فضائی اور 10 بحری مشنز کے ذریعے مکمل کی گئی۔
وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے مطابق یہ تعاون اسرائیل کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا فوری جواب دینے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے اہم ہے۔
دوسری جانب وزارتِ دفاع کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل (ریٹائرڈ) امیر بارم نے کہا کہ مسلسل کارگو پروازیں اور بحری جہاز اسرائیل کے دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث سیکیورٹی صورتحال انتہائی حساس بنی ہوئی ہے۔