سورج پنچولی کا جیا خان کی خودکشی کی وجہ سے متعلق انکشاف

May 01, 2023 | 12:40:PM
 حال ہی میں جیا خان کیس سے بری ہونے والے اداکار سورج پنچولی نے سابقہ گرل فرینڈ جیا خان کی خودکشی سے متعلق چند بڑے دعوے کیے ہیں۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) حال ہی میں جیا خان کیس سے بری ہونے والے اداکار سورج پنچولی نے سابقہ گرل فرینڈ جیا خان کی خودکشی سے متعلق چند بڑے دعوے کیے ہیں۔

 ممبئی کی عدالت نے 2013 میں خودکشی کرنے والی بالی وڈ اداکارہ جیا خان کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اداکارہ کے بوائے فرینڈ اور اداکار سورج پنچولی کو جمعے کی صبح بری کیا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے جیا خان کے بوائے فرینڈ اداکار سورج پنچولی کے خلاف اداکارہ کو خودکشی پر اکسانے کے معاملے پر اپنا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں بری کیا۔

اب سورج پنچولی نے جیا خان کی خودکشی سے متعلق کھل کر بات کی ہے۔

اداکار نے کہا 'میں اور جیا صرف پانچ ماہ ہی رشتے میں رہے، لیکن مجھے اس کا علم نہیں تھا کہ وہ کس قسم کی کیفیت سے گزر رہی ہے، اسے صرف اپنے بوائے فرینڈ، دوستوں سے نہیں بلکہ اپنی فیملی کی محبت کی ضرورت تھی'۔

سورج نے کہا 'جیا چاہتی تھی اسے اس کی فیملی کی جانب سے سپورٹ ملے اور وہ اسے سمجھیں، اس نے 2012 میں بھی خودکشی کی کوشش کی تھی، میں نے اس کی والدہ رابعہ کو بھی جیا کے ڈپریشن کا بتایا لیکن اس وقت ڈپریشن کو لوگ سمجھتے نہیں تھے'۔

دوران انٹرویو سورج پنچولی نے کہا '2012 میں جیا نے اپنی نس کاٹ کر خودکشی کی کوشش کی تو میں نے لندن میں مقیم اس کی والدہ رابعہ جی کو فون کرکے بتایا، انہوں نے کہا میں فوراً بھارت آتی ہوں لیکن وہ مہینوں تک بھارت نہیں لوٹیں'۔

واضح رہے کہ سپر ہٹ فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ جیا خان نے 3 جون 2013 کو خودکشی کی تھی، جوہو میں اپنی رہائش گاہ پر ان کی لاش لٹکتی ہوئی پائی گئی تھی۔