وزیراعلیٰ پنجاب کی امریکی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کو سرمایہ کاری کی دعوت

Aug 01, 2026 | 11:40:AM
وزیراعلیٰ پنجاب کی امریکی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کو سرمایہ کاری کی دعوت
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (راؤ دلشاد )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امریکی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد سے ملاقات کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کاروبار کے آغاز میں آسانی کے لیے ’زیرو ٹائم ٹو اسٹارٹ‘ پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔

امریکی وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ امریکا پاکستان کا طویل عرصے سے اہم اقتصادی شراکت دار ہے اور پنجاب میں امریکی سرمایہ کاروں کی موجودگی اعتماد کی بحالی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کے مستقبل کو سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، صحت، توانائی، معدنیات اور نجی شعبے کے تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب پاکستان کی معیشت کا اہم ترین انجن ہے جو قومی جی ڈی پی میں 55.7 فیصد، زراعت میں 57.5 فیصد، مینوفیکچرنگ میں 48 فیصد اور سروسز کے شعبے میں 57.4 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب تقریباً 13 کروڑ آبادی کا صوبہ ہے، جہاں نوجوان آبادی، ہنرمند افرادی قوت، 20 اسپیشل اکنامک زونز اور دو ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز سرمایہ کاری کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی قائم کی گئی ہے، جبکہ حکومت سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت، صنعتی زمین، ٹیکس مراعات اور دیگر سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد 15 سے زائد لائسنسنگ اداروں کو ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے تاکہ کاروباری اخراجات اور وقت میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی روپیہ تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا!

 مریم نواز نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ، نواز شریف میڈیکل سٹی، ایگرو پروسیسنگ پارکس، الیکٹرک موبلٹی، ہاؤسنگ، سیاحت، آئی ٹی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ تین برسوں میں پنجاب میں مجموعی طور پر 7.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متحرک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں 3.9 ارب ڈالر سرکاری جبکہ 3.2 ارب ڈالر نجی شعبے کی سرمایہ کاری شامل ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں صحت، زراعت، لائیو اسٹاک، ایکوا کلچر، ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں بڑے منصوبے جاری ہیں، جبکہ حکومت امریکی کمپنیوں کے ساتھ ٹیکنالوجی منتقلی اور فنی تعاون کو فروغ دینا چاہتی ہے۔

انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر منصوبے پر تیز رفتار عمل درآمد اور مکمل سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔