آئی ایم ایف وفد کی اسحاق ڈار سے ملاقات، قرض پروگرام پر تبادلہ خیال

Jan 31, 2023 | 10:22:AM
آئی ایم ایف وفد نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں قرض پروگرام کے نویں جائزہ پر عملدرآمد پر تبادلہ خیال کیا گیا
کیپشن: وزیر خزانہ اسحاق ڈار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) آئی ایم ایف وفد نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں قرض پروگرام کے نویں جائزہ پر عملدرآمد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان نے آئی ایم ایف وفد کو معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد سے متعلق بریف کیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں اصلاحات لا رہی ہے، گردشی قرضوں کو ختم کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنائی گئی ہے، پاکستان نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا، پاکستان قرض پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

مشن چیف ناتھن پورٹر نے کہا کہ امید ہے پاکستان آئی ایم ایف قرض کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گا۔

دوسری جانب پاکستان اور آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان وفد کی قیادت وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور آئی ایم ایف وفد کی قیادت مشن چیف ناتھن پورٹر نے کی۔

پاکستانی وفد میں وزیرمملکت عائشہ غوث پاشا، سیکرٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر، وزیراعظم کے معاونین طارق باجوہ اور طارق پاشا شریک ہوئے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ آئی ایم ایف وفد سے ملاقات میں معاشی اور مالی پالیسیوں کا جائزہ لیا گیا جب کہ نویں جائزے کو مکمل کرنے کے لیے اصلاحات پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کو معاشی پالیسیوں اور مختلف شعبوں میں اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا، مالی خسارہ پورا کرنے کے لیے کرنسی کی شرح تبادلہ اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کےبارے میں آگاہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کی ملاقات میں مالی خسارہ پورا کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی جب کہ توانائی کے شعبے میں گردشی قرض ختم کرنےکے لیے اصلاحات اور اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے قیام پر بات چیت کی گئی۔