افسران کے تقررو تبادلے، معطلی، ریٹائرمنٹ سے متعلق تحریری احکامات جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد ترک)وفاقی حکومت نے مختلف وزارتوں اور ڈویژنز میں افسران کے تقرر و تبادلوں، اضافی چارج میں توسیع، رخصت، معطلی اور ریٹائرمنٹ سے متعلق تحریری احکامات جاری کئے ہیں۔
اسپیشل سیکریٹری کابینہ ڈویژن سارہ اسلم کو تفویض کردہ قائم مقام چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اضافی چارج میں مزید 3 ماہ کی توسیع کی گئی ہے جو کہ 19 جون 2026 سے مؤثر ہو گی جبکہ سیکریٹریٹ گروپ، گریڈ 21 کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری کامرس ڈویژن اعجاز احمد مہیسر کی 180 روز کی رخصت منظور کی گئی ہے جو یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہو گی۔
علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے گریڈ 21 کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری بحری امور ڈویژن عبدالستار کھوکھر کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ جوائنٹ سیکریٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن خالدہ بشیر کا تبادلہ کر کے انہیں جوائنٹ سیکریٹری بحری امور ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پولیس سروس آف پاکستان کی گریڈ 17 کی اے ایس پی سارہ علی ہاشمی کو سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے رول 5 کے تحت ابتدائی طور پر 120 روز کیلئے معطل کر دیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق سارہ علی ہاشمی، جو سابق ایس ڈی پی او صدر چکوال رہ چکی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تقرری کی منتظر تھیں، ذرائع کے مطابق انہوں نے پنجاب حکومت سے رواں برس اپریل میں تبادلے کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں بروقت رپورٹ کرنے کی ہدایت پر عمل نہیں کیا تھا، علاوہ ازیں، وزارت امور کشمیر کے ڈپٹی سیکریٹری شہزاد آصف کی 9 ستمبر 2026 سے ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
مزید برآں، اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان کے اسسٹنٹ اکاؤنٹ آفیسر عرفان اللہ کا تبادلہ کرکے انہیں اکاؤنٹس آفیسر، پولیس کوآرڈینیشن یونٹ، خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام تقرریوں، تبادلوں، رخصت، معطلی اور ریٹائرمنٹ سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :جولائی سے ستمبر تک موسم کیسا رہے گا؟