ایتھوپین اور افریقی انفلوئنز کو پاکستان کے مفت سیاحتی پیکجز دیے جائیں گے؛سردار یاسر الیاس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(انور عباس) وزیراعظم کے مشیر و معاون خصوصی برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے کہا ہے کہ ایتھوپین اور افریقی انفلوئنسرز کو پاکستان کے لیے مفت سیاحتی پیکجز فراہم کیے جائیں گے اور ان کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارت خانے کے زیر اہتمام ایتھوپیا کے سیاحتی مقامات اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنا حکومت کی ترجیح ہے جبکہ پنجاب حکومت بھی سیاحت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹرز جلد ایتھوپیا کا دورہ کریں گے جبکہ ایتھوپین اور دیگر افریقی انفلوئنسرز کو پاکستان کے مفت سیاحتی پیکجز فراہم کیے جائیں گے۔
سردار یاسر الیاس کا کہنا تھا کہ ایتھوپین ایئرلائنز نے پاکستان اور افریقہ کے درمیان فضائی رابطے کا خلا پُر کیا ہے،انہوں نے بتایا کہ آئندہ ماہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر ایک تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ سیاحت کے ذریعے تجارت کو بھی فروغ دینا حکومت کی ترجیح ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تاریخی تعلقات موجود ہیں،ان کے مطابق ایتھوپیا لینڈ آف اوریجنز ہے اور افریقہ میں تیزی سے ابھرتا ہوا سیاحتی ملک بن رہا ہے جبکہ دارالحکومت ادیس ابابا افریقہ کا تیسرا بڑا سفارتی مرکز ہے۔
اس موقع پر وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری افریقہ حامد اصغر خان نے کہا کہ پورے افریقہ میں صرف ایتھوپین ایئرلائنز پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا میں قدرتی حسن کے ساتھ ساتھ تاریخی اور مذہبی سیاحت کے بھی بے شمار مواقع موجود ہیں، جبکہ ادیس ابابا کو "روشنیوں کا شہر" کہا جاتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے ایتھوپیا کی ثقافت کی مناسبت سے خصوصی روایتی کیک بھی کاٹا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان پہلی بار انٹرنیشنل اولیو کونسل کا مستقل رکن بن گیا