لاہور: باغبانپورہ میں بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی، ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق، 6 زخمی

وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے

Jul 30, 2026 | 08:30:AM
لاہور: باغبانپورہ میں بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی، ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق، 6 زخمی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(فاران یامین)لاہور میں باغبانپورہ کے علاقے کوٹلی پیر عبدالرحمان  میں دردناک حادثہ پیش آیا جہاں بوسیدہ تین منزلہ مکان کی چھت زمین بوس ہونے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے10افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ 

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ رات 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا، حادثے کے وقت مکان میں 18 سے زائد افراد موجود تھے جو ملبے تلے دب گئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں جبکہ علاقہ مکینوں نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت ابتدائی طور پر چند افراد کو نکالا۔ 

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 10 افراد میں 3 خواتین، 2 بچے اور 2 نوجوان شامل ہیں، اب تک جن افراد کی شناخت ظاہر کی گئی ہے ان میں 60 سالہ شاہدہ، 52 سالہ ثمینہ، 25 سالہ مجاہد اور 7 سالہ حماد شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے 6 افراد میں ناصر، زاہد، شاہد، صابر، ثانیہ اور سحر شامل ہیں جنہیں سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ 

اس دوران لیگی ایم پی اے ملک وحید بھی موقع پر موجود رہے جنہوں نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر انتظامی افسران فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے 27 گھنٹے تک جاری رہنے والی امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔

مریم نواز شریف نے ریسکیو آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ حاصل کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی،انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سانحہ باغبانپورہ میں جاں بحق افراد کی تجہیز و تکفین کے انتظامات جاری ہیں،احتیاطی تدابیر کے طور پر متاثرہ علاقے کو بند کرکے ملحقہ گھروں کو بھی خالی کرالیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق باغبانپورہ آپریشن میں 70 ریسکیورز نے تمام ضروری آلات اور گاڑیوں کے ساتھ حصہ لیا، جبکہ سول ڈیفنس رضاکاروں، محکمہ صحت کی ٹیم اور ستھرا پنجاب کے عملے نے بھی امدادی سرگرمیوں میں معاونت کی۔