خیبر پختونخوا :میٹرک امتحانات میں کئی سرکاری سکولوں کے تمام طلبہ فیل

Jul 30, 2025 | 10:34:AM
خیبر پختونخوا :میٹرک امتحانات میں کئی سرکاری سکولوں کے تمام طلبہ فیل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (  24 نیوز ) خیبرپختونخوا میں تعلیمی اصلاحات اور دعوؤں کے باوجود سرکاری سکولوں کے میٹرک کے نتائج مایوس کن رہے، متعدد سکولز میں طلبہ کی بڑی تعداد امتحانات میں ناکام ہو گئی جبکہ کئی اداروں میں تو تمام کے تمام طلبہ فیل قرار پائے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق پشاور بورڈ سے منسلک صرف 29 سکولوں کے 739 طلبہ نے میٹرک کے امتحانات میں شرکت کی جن میں سے محض 151 طلبہ کامیاب ہو سکے۔

چترال، مہمند، خیبر، چارسدہ اور پشاور سمیت متعدد اضلاع کے سرکاری تعلیمی اداروں کے نتائج شدید مایوسی کا شکار ہیں، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بیوری چترال کے تمام طلبہ فیل ہو گئے، گورنمنٹ مڈل سکول بیگشت چترال کے 7 طلبہ میں سے کوئی بھی کامیاب نہ ہو سکا۔

گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول ہریانہ پایان، پشاور کی 18 میں سے 18 طالبات فیل ہوئیں، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول دامن افغانی کی 35 میں سے 33 طالبات ناکام قرار پائیں، رجڑ چارسدہ کے ایک خواتین ہائر سیکنڈری سکول میں 13 طالبات میں سے صرف 2 پاس ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:خان کے بیٹے پاکستان آئیں گے یا نہیں ؟پی ٹی آئی رہنما کا اہم بیان ، نیا پینڈورا باکس کھل گیا

گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ارسون چترال کے 6 میں سے 5 طلبہ فیل ہوئے، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بیروم چترال کے 8 طلبہ میں صرف 1 کامیاب ہوا، گورنمنٹ مڈل سکول شیکڈی لوئر چترال کے 7 میں سے 5 طلبہ فیل ہوئے، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بنگ چترال کے 9 میں سے 8 طلبہ فیل ہوگئے۔

پشاور کے سکول بھی نتائج کے لحاظ سے زیادہ بہتر نہ رہے، گورنمنٹ شہید ثاقب غنی سکول کے 102 میں سے 84 طلبہ فیل، صرف 18 کامیاب ہو سکے، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول حاجی بانڈہ کے 14 میں سے 13 طلبہ فیل ہو گئے جبکہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ماشوگگر کے 76 میں سے صرف 5 طلبہ کامیاب ہو سکے۔

طلبہ کی ناکامی کی بڑی وجہ ایک، دو یا تین مضامین میں فیل ہونا بتائی جا رہی ہے، کئی کلاسز میں محض ایک یا دو طلبہ ہی پاس ہو سکے۔

تعلیمی ماہرین نے ان اعداد و شمار کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم فوری نوٹس لے، اور اس تعلیمی زوال کی وجوہات کا تعین کرکے بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔