محکمہ موسمیات کی ملک کے چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24نیوز )محکمہ موسمیات نے ملک کے چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم آئندہ چند گھنٹوں میں جنوب مشرقی سندھ میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد میں موسم گرم اورخشک رہے گا، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:محسن نقوی کا کرارا جواب، بھارتی بورڈ کو آئی سی سی کی یاد ستانے لگی
محکمہ موسمیات کے مطابق عمر کوٹ، تھرپارکر، بدین، مٹھی اور سجاول میں بارش ہونے کی توقع ہے، آزاد کشمیر میں موسم خشک جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرمی کی لہر برقرار ہے ،شہر میں سمندری ہوائیں بند،حبس کی کیفیت ہے،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،شمال مغرب سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چگ رہی ہے،
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے،متاثرہ علاقوں میں پانی کی سطح میں واضح کمی ہو رہی ہے، دریائے راوی جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 4 ہزار کیوسک ہے،شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 ہزار کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بلوکی ہیڈ ورکس کے مقام پر پانی کا بہاؤ 21 ہزار کی کیوسک ہے، دریائے راوی ہیڈ سدھنائی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 16 ہزار کیوسک ہے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات جاری ہیں،ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر محکمے الرٹ ہیں۔