پاکستان کا دورہ آسٹریلیا: پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے ڈراپ ان پچز کا کام مکمل

Nov 29, 2023 | 11:46:AM
پاکستان کا دورہ آسٹریلیا: پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے ڈراپ ان پچز کا کام مکمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پرتھ میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے ڈراپ ان پچز کا کام مکمل کر لیا گیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ پرتھ میں 14 سے 18 دسمبر تک کھیلا جائے گا، پہلے میچ کے لئے تیار کی جانے والی 5 ڈراپ ان پچز پر بھی واکا گراؤنڈ والی گھاس اور مٹی کا استعمال کیا گیا، ایک ڈراپ ان پچ کا وزن 25 ٹن کے قریب ہے اور اس کی تنصیب میں دو دن لگے ہیں۔

ٹیسٹ سیریز کا شیڈول

تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پرتھ میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کو ویسٹ ٹیسٹ کا نام دیا گیا ہے،  دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

ڈراپ ان پچز کیا ہیں اور تیار کیسے کی جاتی ہیں؟

عموماََ کرکٹ میچ کھیلے کے لئے گراؤنڈ میں ہی پِچ تیار کی جاتی ہے لیکن ڈراپ اِن پِچز میں ایسا نہیں ہوتا، ڈراپ اِن پِچز ایسی پچز ہیں جنہیں میدان سے باہر تیار کیا جاتا ہے اور بعد میں انہیں اس مقام پر منتقل کیا جاتا ہے جہاں پچ لگانی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ آسٹریلیا، مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کا اعلان

میدان سے باہر ایک لوہے کے سانچے کے اندر ڈراپ اِن پِچ کو  تیار کیا جاتا ہے جس میں نیچے پہلے مٹی اور اوپر گھاس کی تہہ لگائی جاتی ہے، جب تک کہ پِچ مکمل تیار نہیں ہوجاتی مٹی اور گھاس کی دونوں تہوں کو کافی عرصے تک اسی لوہے کے سانچے میں رکھا جاتا ہے۔

جب ڈراپ ان پچز میچ کے مطابق تیار ہوجاتی ہے تو انہیں کرین کی مدد سے لوہے کے سانچے سمیت گراؤنڈ میں لایا جاتا ہے اور پچ والی جگہ پر منتقل کر دیا جاتا ہے۔

ڈراپ ان پچز استعمال کرنے کی وجہ

 ڈراپ اِن پِچز کے استعمال کی اصل یہ ہے کہ کرکٹ کے میدان کرکٹ کے علاوہ اور بھی کھیلوں کی میزبانی کر سکے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے کچھ گراؤنڈز ایسے ہیں جو کرکٹ کے علاوہ دوسرے کھیلوں جیسے  فٹبال اور رگبی کی میزبانی بھی کرتے ہیں اس لیے جب کرکٹ کا سیزن ختم ہوجاتا ہے تو ان ڈراپ اِن پِچز کو اٹھاکر گراؤنڈ سے باہر رکھ دیا جاتا ہے اور پِچ کی جگہ مصنوعی گھاس اور مٹی ڈال کر گراؤنڈ کو دوسرے کھیلوں کیلئے تیار کیا جاتا ہے۔