زمبابوے اور جنوبی افریقا کیخلاف وائٹ بال سیریز کیلئے آسٹریلوی اسکواڈ کا اعلان

Sep 01, 2026 | 11:49:AM
زمبابوے اور جنوبی افریقا کیخلاف وائٹ بال سیریز کیلئے آسٹریلوی اسکواڈ کا اعلان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )آسٹریلیا نے رواں ماہ زمبابوے اور جنوبی افریقا کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

آسٹریلوی ٹیم 15 ستمبر سے زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے میچز کھیلے گی، جس کے بعد 24 ستمبر سے جنوبی افریقا کے خلاف بھی تین میچز پر مشتمل سیریز ہوگی۔

اگلے سال ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں آسٹریلیا نے اہم کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں واپس بلایا ہے۔ ورلڈ کپ کی میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے۔

کپتان مچل مارش اور اوپنر ٹریوس ہیڈ پاکستان اور بنگلادیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں شرکت نہ کرنے کے بعد دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔

فاسٹ بولرز پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک کو جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جس کے بعد دونوں اکتوبر میں جنوبی افریقا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز میں بھی ایکشن میں ہوں گے۔

 دوسری جانب مایہ ناز بیٹر مارنس لبوشین خراب فارم کے باعث آسٹریلوی اسکواڈ میں جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔

نوجوان کھلاڑی جوئل ڈیوس اور اولیور پیک نے پاکستان اور بنگلادیش کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی کے بعد اسکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔

مچل اسٹارک، پیٹ کمنز (صرف جنوبی افریقہ)، زیویئر بارٹلیٹ، الیکس کیری، کوپر کونولی، جوئل ڈیوس، ناتھن ایلس، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلیس، اسپینسر جانسن، اولیور پیک، میتھیو رینشا، بلی اسٹینلیک، ایڈم زمپا اور مچل مارش۔ 

آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر جارج بیلی کا کہنا ہے کہ چھ میچز پر مشتمل یہ سیریز اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے اہم تیاری ہوگی کیونکہ میگا ایونٹ انہی ممالک میں کھیلا جائے گا۔

آسٹریلیا اور زمبابوے کے درمیان ون ڈے سیریز ہرارے میں 15، 18 اور 20 ستمبر کو کھیلی جائے گی جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز 24، 27 اور 30 ستمبر کو شیڈول کی گئی ہے۔