میٹا نے واٹس ایپ، فیس بک، انسٹا گرام سے متعلق بڑا اعلان کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اپنے مقبول پلیٹ فارمز واٹس ایپ، انسٹا گرام اور فیس بک کے لیے نئی بامعاوضہ سبسکرپشن سروسز متعارف کرا دی ہیں.
جن کے تحت صارفین کو خصوصی فیچرز اور اضافی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس اقدام کو کمپنی کی جانب سے اشتہارات پر انحصار کم کرنے اور آمدنی کے نئے ذرائع تلاش کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
میٹا کے اعلان کے مطابق انسٹاگرام پلس اور فیس بک پلس کی ماہانہ فیس 3.99 ڈالر جبکہ واٹس ایپ پلس کی قیمت 2.99 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
تاہم مختلف ممالک کے لیے مقامی قیمتوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق انسٹاگرام پلس استعمال کرنے والے صارفین یہ دیکھ سکیں گے کہ ان کی اسٹوریز کو کتنی مرتبہ دوبارہ دیکھا گیا۔
اس کے علاوہ وہ ‘کلوز فرینڈز’ کی حد سے آگے جا کر لامحدود سٹوری آڈینس لسٹس بنا سکیں گے اور خفیہ طور پر سٹوریز بھی دیکھ سکیں گے، جس سے ان کا نام ویور لسٹ میں ظاہر نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں:امریکی ارب پتی جیف بیزوس کی خلائی کمپنی کا راکٹ ٹیسٹ کے دوران پھٹ گیا
پریمیم صارفین اپنی اسٹوریز کو 24 گھنٹے سے زیادہ وقت تک برقرار رکھ سکیں گے اور ہر ہفتے ایک اسٹوری کو اضافی نمایاں حیثیت بھی دی جا سکے گی۔
مزید برآں خصوصی پروفائل پنز، کسٹم فونٹس، اینیمیٹڈ ‘سپر ہارٹ’ ری ایکشنز اور نئے ایپ آئیکنز بھی فراہم کیے جائیں گے۔
واٹس ایپ پلس میں صارفین کو کسٹم تھیمز، منفرد رنگ ٹونز، پریمیئم اسٹیکرز، اضافی پن چیٹس اور جدید چیٹ لسٹ فیچرز دیے جائیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں مزید تفریحی اور جدید سہولیات بھی متعارف کرائی جائیں گی۔
میٹا نے واضح کیا ہے کہ یہ نئی سبسکرپشنز ‘میٹا ویریفائیڈ’ سروس سے الگ ہوں گی، جو شناختی تصدیق اور اکاؤنٹ تحفظ کے لیے پہلے ہی دستیاب ہے۔
دوسری جانب کمپنی نے ‘میٹا ون’ کے نام سے نئی اے آئی سبسکرپشن سروس بھی متعارف کرائی ہے۔
اس کے تحت صارفین تصاویر بنانے، ویڈیوز تیار کرنے اور جدید اے آئی فیچرز استعمال کرنے کے لیے ماہانہ فیس ادا کریں گے۔
کمپنی کے مطابق مفت صارفین کو بنیادی اے آئی سہولیات تو ملتی رہیں گی، تاہم زیادہ استعمال کرنے والوں کے لیے حدود مقرر ہوں گی۔
میٹا نے کریئیٹرز اور کاروباری اداروں کے لیے بھی خصوصی پلانز متعارف کرائے ہیں، جن میں اکاؤنٹ ویریفکیشن، بہتر اینالیٹکس، ترجیحی سپورٹ، سرچ میں نمایاں جگہ اور انسانی کسٹمر سپورٹ
جیسی سہولیات شامل ہوں گی۔