ٹکٹوں کے فیصلوں کے آفٹر شاکس،ڈاکٹر محمد خان نے مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) میں انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے فیصلوں کے بعد اختلافات کا سلسلہ جاری ہے، حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ میں پارٹی کو اس وقت بڑا سیاسی دھچکا لگا جب ٹکٹ نہ ملنے پر بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان نے مسلم لیگ (ن) کی بنیادی رکنیت سے فوری استعفیٰ دیتے ہوئے اپنا استعفیٰ پارٹی کے آزاد کشمیر صدر شاہ غلام قادر کو بھجوا دیا،اپنے استعفے میں ڈاکٹر محمد خان نے مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی قیادت نے میرٹ کے برعکس فیصلہ کیا جس سے ہزاروں کارکن مایوس ہوئے،ان کا کہنا تھا کہ حلقہ ایل اے 15 باغ سے عوام کی بھرپور حمایت کے باوجود انہیں پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے کے برعکس کیے گئے فیصلے نے کارکنوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے جبکہ پارٹی نے میرٹ، شفافیت اور جمہوری اصولوں سے انحراف کیا ہے،ناانصافی اور میرٹ کی پامالی کے باعث انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا مشکل فیصلہ کیا تاہم انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) باغ کے درجنوں مرکزی عہدیدار اور رہنما آج ایک نئی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کریں گے ۔

یہ بھی پڑھیں : ایپل کے آئی فون 18 اور آئی فون 18ای کے ماڈلز میں 9جی بی ریم شامل کیے جانے کا امکان