عامر خان کا 'ستارے زمین پر' یوٹیوب پر ریلیز کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)'مسٹر پرفیکشنسٹ' کہلائے جانے والے معروف بالی وڈ اداکار اور فلمساز عامر خان نے فلمی دنیا میں ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب 'ستارے زمین پر' سمیت ان کی تمام آنے والی فلمیں تھیٹر میں ریلیز ہونے کے بعد ان کے ذاتی یوٹیوب چینل (Aamir Khan Talkies) پر دستیاب ہوں گی۔
اس اقدام کا مقصد نہ صرف فلم بینوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد تک رسائی حاصل کرنا ہے بلکہ پائریسی(piracy) جیسے ناسور کا بھی سدباب کرنا ہے۔
عامر خان نے یہ اعلان ممبئی میں ایک خصوصی پریس کانفرنس کے دوران کیا، جہاں انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ اب یوٹیوب پر نہ صرف ان کی اپنی فلمیں بلکہ ان کے مرحوم والد طاہر حسین کی بنائی گئی فلمیں بھی دستیاب ہوں گی۔
اعلان کے مطابق عامر خان کی حالیہ فلم ’ستارے زمین پر یکم اگست کو انکے یوٹیوب چینل ’عامر خان ٹاکیز‘ پر ریلیز کی جائے گی، تاہم اس فلم کو دیکھنے کے لیے فلم بینوں کو 100 روپے کا آن لائن ٹکٹ خریدنا ہوگا، جو کہ 48 گھنٹوں کے لیے کارآمد ہوگا، اگر کوئی مقررہ وقت میں فلم نہ دیکھ سکے تو دوبارہ ادائیگی کرنا ہوگی۔
یہ فلم امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا، جرمنی، انڈونیشیا، فلپائن، سنگاپور اور اسپین سمیت دیگر کئی ممالک میں بھی یوٹیوب پر دستیاب ہوگی، جہاں آن لائن ٹکٹ کی قیمتیں مقامی مارکیٹ کے مطابق مقرر کی گئی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ سب ٹائٹلز اور کچھ زبانوں میں ڈبنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
عامر خان نے اس موقع پر کہا کہ گزشتہ 15 سالوں سے میں اس مسئلے پر غور کر رہا تھا کہ ایسے فلم بینوں تک کیسے پہنچا جائے جو سینما گھروں تک نہیں جا سکتے، اب جبکہ بھارت میں UPI اور ڈیجیٹل ادائیگی کا رجحان عام ہو چکا ہے، انٹرنیٹ رسائی بھی تیزی سے بڑھی ہے، اور یوٹیوب ہر ڈیوائس پر دستیاب ہے، تو اب فلم کو سب تک پہنچانا ممکن ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :عامر خان کی تیسری شادی،’’اہم اعلان‘‘ کیلئے پریس کانفرنس بلا لی