لاہور ہائیکورٹ کے 11 ججز کی مستقل بنیادوں پر تقرری کی منظوری، نوٹیفکیشن جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئینِ پاکستان کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ سے متعلق اہم فیصلے کیے ہیں۔
وزارت قانون کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے صدرِ مملکت نے آئین کے آرٹیکل 193 کے تحت لاہور ہائیکورٹ کے 11 ایڈیشنل ججز کو مستقل جج تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ان ججز کی تعیناتی ان کے عہدوں کا حلف اٹھانے کی تاریخ سے مؤثر ہوگی۔
مستقل جج تعینات کیے جانے والوں میں جسٹس حسن نواز مخدوم، جسٹس ملک وقار حیدر اعوان، جسٹس سردار اکبر علی اور جسٹس سید احسن رضا کاظمی شامل ہیں۔
ان کے علاوہ جسٹس ملک جاوید اقبال وینس، جسٹس محمد جواد ظفر، جسٹس خالد اسحاق، جسٹس ملک محمد اویس خالد، جسٹس چوہدری سلطان محمود، جسٹس تنویر احمد شیخ اور جسٹس عبہر گل خان کو بھی مستقل کیاگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاک بحریہ نے 14ویں مرتبہ کمبائنڈ ٹاسک فورس-150 کی کمان سنبھال لی
دوسری جانب ایک علیحدہ نوٹیفکیشن کے مطابق صدرِ مملکت نے آئین کے آرٹیکل 197 کے تحت لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس طارق محمود باجوہ کی مدتِ ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔
اس توسیع کا اطلاق ان کی موجودہ مدت ختم ہونے کی تاریخ سے مؤثر ہوگی۔
ان فیصلوں کو لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی امور کو مؤثر بنانے اور مقدمات کے بروقت فیصلوں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔