پاک بحریہ نے 14ویں مرتبہ کمبائنڈ ٹاسک فورس-150 کی کمان سنبھال لی

Jan 29, 2026 | 14:30:PM
پاک بحریہ نے 14ویں مرتبہ کمبائنڈ ٹاسک فورس-150 کی کمان سنبھال لی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پاکستان نیوی نے مشترکہ میری ٹائم ٹاسک فورس 150 (CTF-150) کی کمان 14ویں مرتبہ سنبھال لی، اس سلسلے میں کمان کی تبدیلی کی تقریب بحرین میں قائم کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کموڈور محمد یاسر نے ذمے داری رائل سعودی نیول فورسز کے کموڈور فہد ایس الجواید سے وصول کی، کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کی قیادت سنبھالنا پاکستان نیوی کے عالمی بحری سلامتی میں مؤثر کردار کی عکاس ہے۔

کمانڈر سی ٹی ایف 150 کموڈور محمد یاسر نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر تیار ہے،انہوں نے بحری سلامتی کے قیام کے لیے مکمل عزم کا اظہار کیا اور غیر قانونی بحری سرگرمیوں کے خلاف مؤثر اقدامات جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کی۔

کموڈور محمد یاسر نے کہا کہ ٹیم خطے میں بحری سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی،انہوں نے اہم بحری مواصلاتی راستوں کے تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے کے پاکستان نیوی کے عزم کو بھی دہرایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت کام کرنے والی 5 ٹاسک فورسز میں سے ایک ہے، سی ٹی ایف کا مشن بحرِ ہند، بحیرۂ عرب، خلیجِ عمان میں اسلحے و منشیات کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کی روک تھام اور نیٹ ورک کو ناکام بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے دفاع کیلئے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تیارہیں:فیلڈ مارشل

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ رائل سعودی نیول فورسز کے زیرِ کمان پاکستان نیوی کے جہازوں کی انسدادِ منشیات کارروائیاں پاکستان نیوی کے پختہ عزم کی عکاس ہیں، یہ کارروائیاں باہمی بحری تعاون کے ذریعے خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان نیوی کی وابستگی کا عملی ثبوت ہیں۔

کمان کی تبدیلی کی اس تقریب میں بحرین میں پاکستان کے سفیر نے بھی شرکت کی، تقریب میں کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورس، کمانڈر رائل بحرینی نیول فورسز، سی ایم ایف کے تحت کام کرنے والی دیگر بحری افواج کے نمائندے بھی موجود تھے۔