بارشیں اوربرف باری؛ محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(رمشاء اسماعیل )مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج سے ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے جس سے آئندہ چند روز میں مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوسکتی ہیں۔
کراچی میں بھی کل سے بادل برسنے کیلئے تیار ہیں،محکمہ موسمیات نے کراچی میں سردیوں کی پہلی بارش کی نوید سنادی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیاسسٹم کراچی میں کل اور پرسوں اثر انداز ہوگا،بلوچستان میں آج سے 31 دسمبر اور خیبر پختونخوا میں کل سے بارشیں ہوں گی،گلگت بلتستان اور دیگر بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید درجے کی برفباری کی بھی توقع ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق شہر قائد میں رواں ہفتے کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا،مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل شام سے کراچی میں داخل ہوگا جس کے تحت کراچی میں 30 دسمبر منگل کی رات کو بادل برسیں گے،طوفانی بارش نہیں ہوگی بلکہ ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔
انجم نذیرضیغم کے مطابق بارش کا سلسلہ منگل کی رات سے بدھ کی صبح تک موجود رہے گا،بارش کے بعد ہوائیں چلیں گی جس کے باعث خنکی میں اضافہ ہوگا۔
انجم نذیر ضیغم کے مطابق جنوری کے مہینے میں درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ تک جانے کا امکان ہے جبکہ کل سے 2 جنوری تک شہر اقتدار میں بھی بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، زیارت، قلات، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ میں بارش متوقع ہے جبکہ قلعہ سیف اللّٰہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، بارکھان، سبی، لورالائی،اور موسیٰ خیل میں بھی بارش کا امکان ہے۔
کیچ، گوادر، لسبیلہ، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، مغربی ہواؤں کے سسٹم کے تحت شمالی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
دوسری طرف 30 دسمبر سے یکم جنوری تک چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام ،مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، صوابی اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید درجے کی برفباری کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:معروف قومی کرکٹر عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی راہیں جدا ہو گئیں
30 دسمبر سے 2 جنوری کے دوران گلگت بلتستان کے علاقوں دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت اور شگر میں بارش اور برفباری ہوسکتی ہے، کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور درمیانے درجے کی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔