بلڈ مون :7 اور8 ستمبر کی درمیانی شب نظارہ کیا جا سکے گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)دنیا کے بیشتر ممالک میں اگلے ماہ سرخ چاند (بلڈ مون) کا خوبصورت نظارہ کیا جائے گا۔
ستمبر کے اولین عشرے میں دنیا کے مختلف ممالک میں بسنے والے لوگ چاند گرہن کا دلفریب نظارہ کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نظارہ 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب کیا جائے گا جس دوران چاند کا رنگ سرخ ہوجائے گا اور اسے ' بلڈ مون کہا جاتا ہے۔
چاند کا رنگ سرخ کیوں ہوتا ہے؟
بلڈ مون دراصل چاند گرہن کی ایک قسم ہے، جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے تو زمین کی گردش میں روشنی کا کچھ حصہ سرخ رنگ میں چاند کی سطح پر پڑتا ہے، جس سے چاند سرخ نظر آتا ہے۔
تکنیکی تفصیلات میں جایا جائے تو گرہن کے دوران چاند کی رنگت اس وقت سرخ ہوتی ہے جب زمین، سورج اور چاند کے درمیان میں آجاتی ہے،
اس موقع پر چاند زمین کے سائے کے تاریک ترین حصے سے گزر رہا ہوتا ہے جس سے سورج کی روشنی اس تک براہ راست نہیں پہنچتی۔
سورج کی روشنی جب زمینی فضا میں سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی کی نسبت لال رنگ کی روشنی زیادہ مڑ جاتی ہے۔
اس وجہ سے گرہن لگنے پر چاند سرخ رنگ کا نظر آتا ہے اور اسی وجہ سے اکثر اسے بلڈ مون بھی کہا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کی تقریباً 88 فیصد آبادی بلڈ مون کو دیکھے گی،یہ گرہن 7 ستمبر کی شب 8 بج کر 28 منٹ پر شروع ہوگا اور رات ایک بج کر 55 منٹ تک برقرار رہے گا۔
پاکستان، آسٹریلیا، بھارت، وسطی ایشیا، روس کے مختلف علاقوں، جاپان اور مشرقی افریقا میں اس چاند کا مکمل نظارہ کیا جاسکے گا۔