ایران امریکہ مذاکرات میں تعطل، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں نئی بلندیوں پر پہنچ گئیں
موجودہ عالمی رجحان کے پیشِ نظر پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 400 روپے فی لیٹر کی تاریخی سطح سے تجاوز کر سکتی ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمت400سے زائد ہونے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ آئل 3.09 فیصد اضافے کے ساتھ 114 ڈالر 70 سینٹ کا ہوگیا، امریکی ڈبلیو ٹی آئی 3.25 فیصد اضافے کے ساتھ 103 ڈالر 50 سینٹ کا ہوگیا۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ایران امریکہ مذاکرات میں جلد بہتری نہ آئی تو تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے عالمی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہوں گے، خصوصاً ان ممالک پر جو توانائی کی درآمدات پر زیادہ انحصار کرتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان اپنی ایندھن کی ضروریات کے لیے بڑی حد تک درآمدی تیل پر منحصر ہے، اس لیے عالمی قیمتوں میں اضافہ براہِ راست مقامی مارکیٹ پر اثر انداز ہوتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ عالمی رجحان کے پیشِ نظر پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 400 روپے فی لیٹر کی تاریخی سطح سے تجاوز کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا نے ایران کے 35 اداروں اور شخصیات پر پابندیاں عائد کر دیں
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم لیوی میں مزید اضافے پر غور کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ریونیو میں اضافہ اور آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنا بتایا جا رہا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی آمدنی پہلے ہی مقررہ سالانہ ہدف 1468 ارب روپے سے تجاوز کرنے کی طرف جا رہی ہے، تاہم اس کے باوجود مزید اضافے کی تجاویز زیر غور ہیں۔