شارجہ میں ٹینکی کا پانی آبِ زم زم کے طور پر فروخت کرنے والا شخص گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)شارجہ سٹی میونسپلٹی نے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک رہائشی مقام پر چھاپہ مارا جہاں ایک شخص ٹینک کے پانی کو زمزم پانی کے طور پر فروخت کر رہا تھا، مذکورہ رہائش گاہ کو غیر قانونی طور پر بوتلیں بھرنے کی فیکٹری میں تبدیل کیا گیا تھا جہاں پلاسٹک کی بوتلوں میں ٹینک کا پانی بھر کر انہیں زمزم کے لیبل کے ساتھ سوشل میڈیا پر مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا تھا۔
میونسپلٹی حکام کے مطابق یہ کارروائی معمول کی انسپکشن مہم کے دوران عمل میں آئی، جب ایک رہائش گاہ سے بڑی مقدار میں پانی کی بوتلیں لوڈ کی جا رہی تھیں، مشتبہ مقام پر چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں زمزم کے لیبل والی پلاسٹک بوتلیں اور کارٹن برآمد ہوئے جو غیر صحت بخش حالات میں بھرے جا رہے تھے۔
شارجہ سٹی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل عبید سعید الطنائجی نے بتایا کہ عوام کو دھوکہ دینے اور غیر قانونی مالی فوائد حاصل کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی و انتظامی کارروائیاں کی جاتی ہیں،انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ مقام سے ایک معروف رجسٹرڈ کمپنی آر ٹی منرل واٹر ٹریڈنگ کے جعلی انوائس بھی برآمد ہوئے جنہیں عوام کو دھوکہ دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
الطنائجی نے مزید کہا کہ تمام ضبط شدہ اشیاء کو باقاعدہ طریقہ کار کے تحت ضبط کیا گیا ہے اور رہائش گاہ کو بند کر دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی شارجہ پولیس کی مدد سے ملزم کو تحقیقات کے لیے حوالے کر دیا گیا ہے۔
شارجہ میونسپلٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر لائسنس یافتہ خوراک یا مشروبات کی خریداری سے گریز کریں، خاص طور پر سوشل میڈیا پر فروخت ہونے والی اشیاء کے بارے میں احتیاط برتیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ اسلام آباد : جماعت اسلامی کے رہنما مشتاق احمد کی اہلیہ، بیٹی اور بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا