غنا علی نے دین کی خاطر شوبز کو خیر باد کہہ دیا

Mar 28, 2025 | 22:14:PM
غنا علی نے دین کی خاطر شوبز کو خیر باد کہہ دیا
کیپشن: غنا علی، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی دلکش اداکارہ غنا علی نے دین اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

اداکارہ غنا علی اپنی دلچسپ ویڈیوز کی بدولت فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کافی زیادہ مقبول ہیں۔غنا کبھی منفرد فلٹرز کا استعمال کرکے ویڈیو  پوسٹ کرتی ہیں، تو کبھی دلچسپ اور مزاحیہ موضوع پر گفتگو کرکے سوشل میڈیا پر مداحوں کو مسحور کرتی رہتی ہیں۔

تاہم حال ہی میں اداکارہ غنا علی نے اپنی انسٹاگرام سٹوریز کے ذریعے ایک اہم اعلان  کیا جوکہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔ 

یہ بھی پڑھیں:بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال سے متعلق اہم خبر
 اپنی انسٹاگرام سٹوری میں غنا علی کا کہنا تھا کہ ‘میں اللہ کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ رہی ہوں‘۔

اپنی سٹوری کے اختتام پر اداکارہ کا مداحوں سے کہنا تھا کہ ‘مجھے اور میرے اہلِ خانہ کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں‘۔ 


غنا علی کی جانب سے شوبز چھوڑنے کے اعلان کی پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر سوشل میڈیا صارفین غنا کے فیصلے پر اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ غنا علی نے اپنی اداکاری کے سفر کا آغاز 2015 ء میں ڈراما ’عشق آوے‘ سے کیا تھا، اس کے بعد انہوں نے مختلف ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے۔ ان کے قابل ذکر ڈراموں میں ’عشق آوے، میں کملی، آپ کے لیے، سنگدل، دھڑکن، سایہ دیوار بھی نہیں، بےشرم، احساس، جان نثار، بے انتہا، سن یارا، سویرہ، بے دردی سیاں، اگر تم ساتھ ہو، استانی جی، کس دن میرا ویاہ ہووے گا 4، سایہ، کیونکہ عشق برائے فروخت نہیں، ہانیا، چھوٹی چھوٹی باتیں، بھول، دلربا، سراب، محبتیں چاہتیں، اجنبی ہمسفر، بے نام‘ شامل ہیں۔

ان کا ہر کردار ناظرین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہا اور انہوں نے اپنی اداکاری کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی۔

2017  میں غنا علی نے سلور سکرین پر قدم رکھتے ہوئے فلم ’رنگریزہ‘ میں معاون کردار نبھایا لیکن یہ فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہوسکی۔

شوبز انڈسٹری کا  خوشحال جوڑا سمجھے جانے والے غنا علی اور عمیر  17 مئی 2021 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے، جسکے بعد اس جوڑے نے 2 بچوں کا دنیا میں استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 10;ٹکٹوں کی فروخت کب سے شروع ہو گی؟کرکٹ کے دیوانوں کیلئے اہم خبر