تحریک انصاف نے ججز کے خط پر تحقیقات کیلئے حکومتی انکوائری کمیشن کو مسترد کردیا

Mar 28, 2024 | 20:57:PM
تحریک انصاف نے ججز کے خط پر تحقیقات کیلئے حکومتی انکوائری کمیشن کو مسترد کردیا
کیپشن: پی ٹی آئی پرچم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خادم کمبوہ)پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے مندرجات کی تحقیقات کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے انکوائری کمیشن کے قیام اور اس کے ذریعے تحقیقات کو مکمل طور پر مسترد کردیا ۔

پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے ہنگامی اجلاس کا اعلامیہ کر دیا گیا،کور کمیٹی نے ملکی عدلیہ اور قانونی مفاد سے جڑے اس حسّاس ترین معاملے پر  چیف جسٹس کی وزیراعظم سے ملاقات پر نہایت تشویش کا اظہار کیا، معاملے کو عدالتِ عظمیٰ کے لارجر بنچ کے سامنے رکھنے اور کھلی عدالت میں اس پر کارروائی کے مطالبے کا اعادہ کیا گیا۔

کور کمیٹی تحریک انصاف کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا خط وفاقی حکومت کی ایجنسیوں کیخلاف ایک فردِ جرم ہے، معزز عدالتِ عالیہ کے حاضر سروس ججز کے سنجیدہ ترین مراسلے کی ایک ریٹائرڈ جج کے ذریعے تحقیقات آزادانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات سے ایک بھونڈا مذاق ہے، اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے خط میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم جوڈیشل کونسل کے سامنے عدلیہ کے وجود کو لاحق بنیادی چیلنج کو بے نقاب کیا ہے،عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے کے بل بوتے پر وجود میں آنے والی حکومت ہر لحاظ سے ملک میں جاری لاقانونیت اور غیرآئینی مداخلت کی سب سے بڑی بینیفیشری ہے، چوری کے مینڈیٹ پر بیٹھا غیرمنتخب وزیراعظم یا اس کی حکومت کسی قسم کی تحقیقات کروانے کے قابل ہے نہ ہی اس قسم کی تحیقیقات کی کوئی کریڈیبیلیٹی ہوگی،

 کورکمیٹی تحریک انصاف نے کہا ہے کہ چیف جسٹس عدلیہ کے مستقبل کو ٹاؤٹوں پر مشتمل انتظامیہ کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی بجائے ساتھی ججوں کو انصاف فراہم کریں،ہائیکورٹ کے ججز کے مطالبے کی روشنی میں جوڈیشل کانفرنس بھی طلب کی جائے اور ہر سطح کے ججز کو اس موضوع پر حقائق قوم کے سامنے رکھنے کا موقع دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: 4 اضلاع کے نام تبدیل کرنے کا فیصلہ