محسن نقوی کی علی امین گنڈاپور سے ملاقات، دہشتگردوں کیخلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ

Mar 28, 2024 | 16:35:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقات کیلئے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور  پہنچ گئے۔ 

 وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی وزیر اعلیٰ ہاؤس آمد پر علی امین گنڈاپور نے ان کا خیبر مقدم کیا، ملاقات میں دونوں کے درمیان صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے دہشتگردی کے ناسور  کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا، ساتھ ہی دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

 ملاقات میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خود کش حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا، اور چینی حکومت ،عوام اور مرنے والے  چینی شہریوں کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، انہوں نے حملے کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں پر حملے کے عناصر  قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ 

 وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے موثر کوآرڈینیشن کی ہدایت کی اور کہا کہ ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے۔ پوری طاقت سے ملک دشمنوں کو جواب دیں گے۔ دہشتگردی کےخلاف جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ 

  علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ امن و امان موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے، خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے ذیادہ متاثر ہوا ہے۔