"گزشتہ حکومت کی نااہلی سے پی آئی اے کو اربوں روپے کا نقصان", شہباز شریف

Jun 28, 2023 | 18:52:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے کی بہتری کیلئے مجوزہ روڈ میپ اور اصلاحات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

 تفصیلات کے مطابق  اجلاس میں وزیراعظم نے وفاقی وزیرِ ہوا بازی کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں پی آئی اے کی تنظیم نو، اصلاحات اور بحالی کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی، خصوصی کمیٹی عید کے بعد پی آئی اے کے حوالے سے اپنی تجاویز اور سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن خسارے سے نکلنے کی استعداد رکھتی ہے، موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے بیڑے میں جہازوں کی تعداد 27 سے بڑھا کر 49 کرنی ہو گی، گزشتہ حکومت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے قومی ائیرلائن نے یورپ اور امریکہ کے فضائی راستے گنوا دیئے ہیں اس نااہلی کی وجہ سے ادارے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کے نا اہل وزراء نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں، چینی کمپنیوں اور ترک کارو باری افراد کو انتقام کا نشانہ بنایا، پی آئی اے اسی صورت میں ترقی کر سکتا ہے کہ اس کو خالصتاً نفع اور نقصان کی بنیاد پر پیشہ ور انتظامی ماہرین چلائیں، قومی ایئر لائن کو خسارے سے نکالنے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں۔