سرکاری خرچ پر روضہ رسول ﷺ حاضری! پارلیمانی وفد سے متعلق اہم دستاویزات منظرِ عام پر

Jan 28, 2026 | 00:01:AM
سرکاری خرچ پر روضہ رسول ﷺ حاضری! پارلیمانی وفد سے متعلق اہم دستاویزات منظرِ عام پر
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان)پارلیمانی وفد کے سرکاری خرچ پر روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے معاملے سے متعلق اہم دستاویزات سامنے آ گئی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق پارلیمانی وفد کے ہوائی ٹکٹوں کے اخراجات قومی اسمبلی برداشت کرے گی،یہ سفارش قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی چار رکنی ذیلی کمیٹی نے کی، جسے قائمہ کمیٹی نے اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔

سفارشات کے مطابق مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں وفد کے کھانے پینے کے اخراجات بھی قومی اسمبلی برداشت کرے گی جبکہ وفد کے لیے ہوٹلوں یا سرکاری رہائش گاہوں میں قیام کا انتظام کیا جائے گا۔ پارلیمانی وفد کی معاونت کے لیے ایک پروٹوکول افسر کی تعیناتی کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

قائمہ کمیٹی نے مذہبی امور کے سیکرٹری کو وفد میں شامل کرنے اور پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد کے خطیب کو بطور گائیڈ وفد کے ہمراہ بھیجنے کی سفارش کی ہے۔

دستاویزات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اور وزارت مذہبی امور ہر سال محرم کے پہلے ہفتے میں کمیٹی اراکین نامزد کریں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ہر پارلیمانی جماعت سے کم از کم ایک رکن نامزد کریں گے جبکہ ترجیحی طور پر قائمہ کمیٹی مذہبی امور کے ارکان کو وفد میں شامل کیا جائے گا۔

سفارشات میں کہا گیا ہے کہ پارلیمانی وفد ہر سال ربیع الاول کے دوسرے ہفتے میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری دے گا اور پاکستانی عوام کی جانب سے درود و سلام پیش کرے گا،وفد سات روز سعودی عرب میں قیام کرے گا اور اسے طبی سہولیات بھی سرکاری خرچ پر فراہم کی جائیں گی۔

مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں رہائش اور ٹرانسپورٹ کا انتظام ڈائریکٹریٹ جنرل حج جدہ کرے گا جبکہ قومی اسمبلی کا میڈیا ونگ پارلیمانی وفد کے دورے کی میڈیا کوریج کرے گا۔

یہ سفارشات قائمہ کمیٹی مذہبی امور کی چار رکنی ذیلی کمیٹی نے تیار کیں، جس کی سربراہی رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے کی۔ ذیلی کمیٹی میں آسیہ ناز تنولی، ثمینہ خالد گھرکی اور سید سمیع اللہ شامل تھے۔

قائمہ کمیٹی مذہبی امور نے سفارشات وزارت مذہبی امور کو بھجوا دی ہیں۔

 ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور سفارشات کو حتمی منظوری کے لیےسپیکر قومی اسمبلی کو ارسال کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں :  اسحاق ڈار کی رمضان سے پہلے مصنوعی مہنگائی روکنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت