پنجاب میں جہاں ضرورت پڑی بھرپور تعاون کریں گے:علی امین گنڈا پور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلاب کے باعث نقصانات پر افسوس ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی تکلیف ہماری تکلیف ہے، خیبر پختونخوا حکومت پنجاب کے ساتھ کھڑی ہے، پنجاب میں جہاں ضرورت پڑی بھرپور تعاون کریں گے۔
دریں اثنا ایک ویڈیو بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے معاوضے دگنے کر دیئے ، نقصانات کا سو فیصد ازالہ کریں گے، فصلوں، باغات اور مال مویشیوں کے نقصانات کا بھی معاوضہ دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں مجموعی طور پر 406 افراد جاں بحق ، 245 زخمی ہوئے جبکہ 664 گھر مکمل تباہ اور 2431 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، 511 سڑکیں، 77 پل اور 2123 دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریسکیو کارروائیوں کے دوران 5566 افراد کو بچایا گیا ، متاثرہ علاقوں میں 2061 اہلکار اور 176 گاڑیاں و کشتیاں بھیجی گئیں، اب تک 136 رابطہ سڑکیں اور 65 پل بحال کیے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے بعد ریلیف سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا جن میں متاثرین کو ایک لاکھ 19 ہزار افراد تک کھانا فراہم کیا گیا، 125 ٹرکوں پر امدادی سامان بھیجا گیا اور 70 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 350 جاں بحق افراد کے لواحقین کو 654 ملین ، 18 زخمیوں کو ایک کروڑ 95 لاکھ ، 4432 افراد کو فوڈ سٹیمپ کی مد میں 6 کروڑ 65 لاکھ ، گھروں کی مد میں 7 کروڑ 90 لاکھ اور دکانوں کے معاوضے کی مد میں 2 کروڑ 80 لاکھ روپے ادا کیے جا چکے۔