یوم تکبیر قومی یکجہتی کی علامت ،جوش و جذبے سے منایا جائے، چوہدری شافع حسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حسن علی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ 28 مئی کو پاکستان ایٹمی قوت بنا اور ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہوا ،یوم تکبیر قومی یکجہتی کی علامت ہے ،بھرپور طریقے اور جوش و جذبے سے منایا جائے ۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ خدمت اور رواداری کی سیاست کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا پنجاب اسمبلی میں اجلاس ہوا جس کی صدارت ق لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری ،پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کی۔اجلاس میں سینٹ کے انتخابات ، پارٹی امور ،یوم تکبیر کے حوالے سے تقریبات اور ترقیاتی سکیموں پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے اراکین اسمبلی اپنے اضلاع میں یوم تکبیر کے حوالے سے ریلیوں کا انعقاد کریں ،یوم تکبیر قومی یکجہتی کی علامت ہے ،بھرپور طریقے اور جوش و جذبے سے منایا جائے، 28 مئی کو پاکستان ایٹمی قوت بنا اور ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہوا ،یوم تکبیر کے موقع پر وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت اور ایٹمی سائنس دانوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے ،پاکستان کی مسلح افواج دن رات سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہیں اور ہم پاک فوج کی بدولت ہی اپنے گھروں میں سکون کی نیند سوتے ہیں ،اراکین اسمبلی اپنے علاقوں میں ترقیاتی سکیموں کی بروقت اور معیاری اور شفاف تکمیل یقینی بنائیں ،عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے ،پارٹی کو ہر سطح پر منظم اور مضبوط بنایا جائے ،پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ خدمت اور رواداری کی سیاست کی ہے ،ہم ان کی عوامی خدمت،شرافت اور رواداری کی سیاست کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا سینٹ کے انتخابات میں مشترکہ امیدوار کی مکمل سپورٹ کی جائے گی ۔اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ کے اراکین پنجاب اسمبلی کا پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اراکین پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور پارٹی رہنماؤں کی قیادت میں ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا موثر اور بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ طارق حسن بھی موجود تھے ۔ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی میں راجہ محمد اسلم خان ، خالد جاوید اصغر گھرال ، محمد عبداللہ وڑائچ ،سید مدد علی شاہ ،چوہدری اعجاز احمد ،حسن عسکری شیخ ،سلمی سعید اور تشفین صفدر شامل تھے ۔
یہ بھی پڑھیں:بشریٰ بی بی کے سیل کی بجلی بند ،سیل تندور،وہ بیہوش ہوئیں، مسرت چیمہ