بالائی علاقوں میں برفباری کا نیا سپیل، ہر طرف سفیدی،سڑکیں بند ،ریسکیو آپریشن جاری 

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید  بارشوں اور برفباری  کی پیشگوئی کر دی

Jan 27, 2026 | 09:12:AM
بالائی علاقوں میں برفباری کا نیا سپیل، ہر طرف سفیدی،سڑکیں بند ،ریسکیو آپریشن جاری 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24 نیوز )پنجاب ،خیبر پختونخوا، بلوچستان میں برفباری کا نیا سپیل ،چہارسوسفیدی چھا گئی  قومی شاہراہوں سے برف ہٹا نے کیلئے آپریشن جاری ہے ۔ 

 تفصیلات کے مطابق پنجاب،خیبر پختونخوا، بلوچستان میں برفباری کے نئے سپیل سے ہر طرف سفیدی چھا گئی ، ضلع خیبر میں ایک دن کے وقفے کے بعد پھر بارش اور برفباری کا آغاز ہو گیا، باڑہ اور جمرود سمیت میدانی علاقوں میں رات سے بارش جاری  ہے ، پاک فوج اور ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہے ۔

 ملکہ کوہسار مری اور گلیات میں سنو فال سے سیاح لطف اندوز ہوتے رہے، کوئٹہ، قلات، مستونگ، کان مہتر زئی، مسلم باغ، چمن میں برفباری ہوئی، وادی نیلم ،باغ، سدھن گلی، گنگا چوٹی، نیزہ گلی، تولی پیر میں بھی سفید چادر بچھ گئی۔

برفباری کے باعث متعدد رابطہ شاہراہیں بلاک ہوگئیں، گریس ویلی اور شونٹر ویلی کی سڑک بھی بند ہوگئی، لوگ محصور ہوکر رہ گئے، باغ میں برفانی تودہ گرنے سے ایک شہری چل بسا، گاڑی کو نقصان پہنچا، لیپہ اور نیلم ویلی میں لینڈ سلائیڈنگ سے 13 گھر مکمل تباہ ہوگئے، 28 جزوی متاثر ہوئے۔

برفباری سے بند وادی لیپہ شاہراہ بحال کردی گئی، گلیات میں چار روز گزرنے کے باوجود بیشتر علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی، رابطہ سڑکوں کی بھی مکمل بحالی نہ ہو سکی، نانگا پربت اور بابو سر ٹاپ پر دس فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی، ہر شے منجمد ہوگئی، معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگیا،خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی، ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکیں بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا، مالم جبہ میں برفباری نے سیاحوں کو اپنی اور کھینچ لیا۔

لاہورمیں  بھی رات بھر وقفے وقفے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں:سکولوں میں چھٹیوں کا اعلان

ملک بھر کی طرح کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں سرد ہواؤں کا راج ہے ۔ 

مزید پڑھیں:ترقی یافتہ ملک میں برفانی طوفان نے تباہی مچا دی

  بالائی علاقوں میں برفباری سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا، لہہ میں منفی 12، زیارت میں پارا منفی 8 ریکارڈ کیا گیا، استور، گوپس، پارا چنار میں درجہ حرارت منفی 7 تک گر گیا۔

مالم جبہ، قلات، راولا کوٹ میں پارا منفی 5 ریکارڈ کیا گیا، کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 11، لاہور میں 7 ریکارڈ کیا گیا۔

  سندھ کے پر تفریحی مقام گورکھ ہل  سٹیشن پر  بھی ہلکی برفباری ہوئی ، برفباری کے بعد  گورکھ ہل سٹیشن اور گردونواح میں درجہ حرارت منفی 4 تک پہنچ گیا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید  بارشوں اور برفباری  کی پیشگوئی کر دی۔