صدر آزاد کشمیر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کی اہم ملاقات، پہلگام واقعہ کی شدید مذمت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر انوارالحق چودھری نےایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ون آن ون تفصیلی ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے بھارت کی جانب سے ایک منظم سازش کے تحت فالس آپریشن کے ذریعے پہلگام واقعے کی شدید مذمت کی اور اسے کشمیری عوام کے خلاف ظلم و بربریت کا نیا باب قرار دیا۔
ملاقات کے دوران صدر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ بھارت نے اس واقعہ کو بنیاد بنا کر مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے، جہاں انسانی حقوق کی سنگین پامالی اور ریاستی جبر اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مودی کی قیادت میں ہندوتوا پالیسیوں پر عمل پیرا ہو کر مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی نئی داستانیں رقم کر رہی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کرے اور اس پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرے،انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر مزید مؤثر انداز میں اُجاگر کیا جائے گا اور بھارتی فسطائیت کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر آزاد کشمیر میں گڈ گورننس کے قیام کے لیے جاری کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ گڈ گورننس کے عمل میں مزید بہتری لانے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں گی،اس کے ساتھ ساتھ ریاست میں تعمیر و ترقی کو مزید تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہو۔
ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، آزاد کشمیر کی داخلی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سازش کرنے والوں کیلئے معافی نہیں،بھارت نے کوئی حرکت کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا،وزیر داخلہ