محسن نقوی کا منیٰ میں قائم پاکستانی حجاج کرام کے کیمپس کا دورہ ، سہولیات کا جائزہ لیا

May 26, 2026 | 09:07:AM
محسن نقوی کا منیٰ میں قائم پاکستانی حجاج کرام کے کیمپس کا دورہ ، سہولیات کا جائزہ لیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منیٰ میں قائم پاکستانی حجاج کرام کے کیمپس کا دورہ کیا اور مختلف کیمپس میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران محسن نقوی نے حجاج کرام، خصوصاً بزرگ عازمین حج سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

وزیر داخلہ نے 100 برس عمر کے معمر ترین پاکستانی حاجی سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے ان کے جذبے اور ہمت کو سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے حجاج کرام سے رہائش، کھانے پینے اور دیگر سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔

اس موقع پر کئی حجاج کرام نے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بار سہولیات بہتر ہیں، جبکہ بعض نے چند مسائل کی نشاندہی بھی کی تاہم عملے کے تعاون کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں:لبیک اللھم لبیک: لاکھوں مسلمان آج فریضہ حج ادا کریں گے

محسن نقوی نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر حاجی ہمارے لیے بہت خاص ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملہ ہر وقت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے اس بار پاکستانی حجاج کرام کے لیے پاکستان میں امیگریشن کی بڑی سہولت فراہم کی ہے، جس پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی وزارتِ حج کے خصوصی طور پر شکر گزار ہیں۔