ٹرمپ بورڈ آف پیس کے ذریعے دنیا میں امن پھیلائیں گے: ڈاکٹر شازیہ انور
پاکستان یا مسلم ممالک اس بورڈ میں شامل نہ ہوں تو فلسطین کی نمائندگی کون کرے گا ، دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) حارث نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) ماہر بین الاقوامی امورڈاکٹر شازیہ انور چیمہ نے کہا کہ ٹرمپ نے اپنی ایک آرگنائزیشن بنائی ہے جس کا نام ہے بورڈ آف پیس، ڈونلڈ ٹرمپ اس کے ذریعے دنیا میں امن پھیلائیں گے۔
24نیوز کے پروگرام گونج مسعود رضا کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شازیہ انور چیمہ نے کہا کہ بورڈ آف پیس کا حصہ بننا پاکستان کی سفارتکاری ہے لیکن یہ جاننا ضروری ہے کہ بورڈ آف پیس ہے کیا ،بورڈ آف پیس ایک آرگنائزیشن ہے جیسے کوئی این جی او ہوتی ہے اور یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنا پرسنل پروجیکٹ ہے جو دنیا میں امن لانے کے لیے بنایا گیا ہے ۔
بائیڈن نے لیگ آف ڈیموکریسی کے نام سے ایسی ہی ایک چیز شروع کی تھی جو وقت کے ساتھ ساتھ اوجھل ہوگئی، اسی طرح یہ سارے بڑے لوگ ہیں یہ اس طرح کی آرگنائزیشنز بناتے ہیں، ٹرمپ کا بورڈ آف پیس بھی اقوام متحدہ کی طرح کا ہے اس کا لوگو بھی اس سے ملتا جلتا ہے، ہم اسے ایک طرح کی این جی او یا تھنک ٹینک کہہ سکتے ہیں لیکن ٹرمپ کہتے ہیں کہ یہ ایک گرینڈ چیز ہے ۔میں سمجھتی ہوں کے ہم نے اس میں شمولیت کی کوئی فیس ادا نہیں کی ہے ،بورڈ آف پیس کا ہونا یا ٹرمپ کا لائف ٹائم چیئرمین ہونے میں اس کے اندر شمولیت کرنے کا ایشو نہیں ہے ،ایشو یہ ہے کہ اس کو غزہ کی ٹوٹی ہوئی کمر پر بنایا گیا ہے اور اقوام متحدہ کے خلاف بنایا ہے ،اس بورڈ آف پیس کے تحت ٹرمپ دنیا میں جہاں جہاں ضرورت ہوگی وہ امن پھیلائیں گے۔
پروگرام میں شریک دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ پاکستان اگر بورڈ آف پیس میں نا جاتا تو پھر پاکستان کو کیا فائدہ ہوتا ابھی پاکستان کی عزت ہے اس کو دعوت نامے آرہے ہیں، اگر پاکستان یا جو مسلم ممالک ہیں اگر وہ اس بورڈ میں شامل نا ہوں تو فلسطین کی نمائندگی کون کرے گا ،ان کی آواز کون بلند کرتا ان کے حقوق کی کون بات کرتا ،ان کے حق خود ارادیت کی بات کون کرتا، اسی لیے یہ جو بڑے مسلم ممالک ہیں سعودی عرب، قطر ، ،ترکیہ ،مصر،اردن اگر یہ اس بورڈ میں ہونگے تو فلسطین کے مفاد کا خیال رکھیں گے اور اگر یہ آگے چل کر محسوس کریں گے کہ ان کی بات نہیں سنی جارہی تو وہ اس بورڈ سے باہر بھی نکل سکتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت پاکستان کو پسند کر رہے ہیں ہمارے فیلڈ مارشل کی بہت تعریف کر رہے ہیں اس وقت تو پاکستان کے پاس انڈیا کو سائیڈ کرنے کا اچھا وقت ہے انڈیا اس وقت کہیں نظر نہیں آرہا وہ آئیسولیشن میں ہے اور پاکستان کا اور فیلڈ مارشل کا اس وقت ہر جگہ نام لیا جا رہا ہے اور ہم نے ثابت کیا ہے کہ ہم ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہیں تو اس کو ہم نے ضائع نہیں کرنا بلکہ کیش کرنا ہے ۔