صدر آصف علی زرداری سے ہونان کی کمیونسٹ پارٹی کے لیڈر شین شیاؤمنگ کی ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عوامی جمہوریہ چین کے صوبہ ہونان کے دورہ کے دوران صوبائی کیپیٹل چانگشا میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے صوبہ ہونان کے پارٹی سیکرٹری شین شیاؤمنگ کے ساتھ ملاقات کی۔
اس ملاقات میں پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات کومزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ہونان اور پاکستان کے زراعت، صحت، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کوفروغ دینے پرتبادلہ خیال ہوا اورصدر مملکت نے زرعی ٹیکنالوجی اور آلات کے میدان میں صوبہ ہونان کی مہارت کو سراہا۔
ملاقات میں پاک۔چین تعلقات مضبوط بنانے پرزور دیا گیا ۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا، پاک،چین تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں۔
صدرمملکت نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کئی نسلوں پرمحیط ہیں۔
صدرآصف علی زرداری نے صوبہ ہونان کی ٹیکنالوجی کو پاکستان کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کےلئے انتہائی موزوں قرار دیا اور زراعت کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیئے: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اہم سرکاری دورہ پر چین کے شہر چانگشا پہنچ گئے
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے ہونان کے سیکرٹری شین شیاؤمنگ نے صدرِ مملکت کو یاد دلایا کہ ہونان کی یونی ورسٹیوں نے پاکستانی اداروں کے ساتھ تعاون کے 12معاہدے کئے ہیں۔
صوبائی پارٹی سیکرٹری شین شیاؤمنگ نے مزید بتایا کہ 959 پاکستانی سٹوڈنٹس اس وقت ہونان کی یونیورسٹیوں کے مختلف شعبوں میں زیر تعلیم ہیں۔
سیکرٹری شین شیاؤمنگ نے صوبہ ہونان کی طرف سے پاکستان میں زراعت اور زرعی معیشت کی ترقی کے لئے ہر طرح کی مدد کی پیشکش کی۔
یہ بھی پڑھیئے: سولر سسٹم لگوانے والوں کیلئےبڑی خوشخبری