صدر مملکت کا حنان ٹی گروپ کمپنی کا دورہ ، آپریشنز، سپلائی چین پر بریفنگ

Apr 26, 2026 | 18:30:PM
صدر مملکت کا حنان ٹی گروپ کمپنی کا دورہ ، آپریشنز، سپلائی چین پر بریفنگ
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے شہر چانگشا میں حنان ٹی گروپ کمپنی لمیٹڈ کا دورہ کیا، جہاں انہیں کمپنی کے آپریشنز، سپلائی چین اور بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حنان ٹی گروپ کے چیئرمین ژو ژونگ وانگ نے صدر مملکت کو بریفنگ دی۔

صدر مملکت کو چائے کی کاشت، پراسیسنگ، تحقیق اور مارکیٹنگ کے مختلف پہلوؤں سے بھی آگاہ کیا گیا،بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماحولیاتی چائے کے باغات، جدید پیداواری سہولیات اور مؤثر تقسیم کے نظام کو اس انداز میں منظم کیا گیا ہے کہ وہ مقامی فروخت کے ساتھ ساتھ برآمدات کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ حنان ٹی گروپ صوبے میں چائے کے شعبے کے لیے ایک مربوط پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے، جو کاشتکاروں، صنعت اور تحقیقی اداروں کو برانڈنگ اور مارکیٹ تک رسائی کے ساتھ جوڑتا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کمپنی کی تاریخ پر مبنی گیلری کا دورہ کیا اور چائے کی پراسیسنگ اور اس کی ثقافت پر پریزنٹیشن بھی دیکھی، جبکہ ان کے اعزاز میں چائے کی نشست کا بھی اہتمام کیا گیا۔

صدر مملکت نے ویلیو ایڈیشن، ایگرو پروسیسنگ اور برآمدات کے فروغ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کو سراہا اور کمپنی کو پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر اور چیف سیکریٹری سندھ بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔

پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی اس دورے میں شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں :ایرانی وزیر خارجہ کی آئندہ چند گھنٹوں میں دوبارہ پاکستان آمد متوقع