لاپتہ شہری کیس ؛اسلام آباد ہائیکورٹ کا وزارت دفاع کے افسران کو اِن کیمرہ بریفننگ کیلئے ایک اور موقع 

Nov 25, 2025 | 18:51:PM
لاپتہ شہری کیس ؛اسلام آباد ہائیکورٹ کا وزارت دفاع کے افسران کو اِن کیمرہ بریفننگ کیلئے ایک اور موقع 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احتشام کیانی)لاپتہ شہری عبداللہ عمر بازیابی کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت دفاع کے افسران کو اِن کیمرہ بریفننگ کیلئے ایک اور موقع دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق لاپتہ شہری عبداللہ عمر کی بازیابی کیلئے اہلیہ زینب زعیم کی درخواست پر سماعت  ہوئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی ،نمائندہ وزارت دفاع نے کہاکہ مغوی وزارت دفاع کے ماتحت کسی ادارے کی تحویل میں نہیں ہے، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہاکہ حکومت کی جانب سے لاپتہ شہری کی فیملی کو پچاس لاکھ روپے کا چیک مل چکا ہے، عدالت نے سیکرٹری داخلہ و دفاع سمیت افسران کو جرمانہ کیا تھا لیکن وہ ریٹائر ہو چکے ہیں۔

عدالت نے کہاکہ یہ کیس جبری گمشدگی کا ہے، تفتیشی افسر اور لاپتہ افراد کمیشن نے بھی واضح کیا، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ یہ توہین عدالت کی درخواست ہے میرٹ پر پہلے فیصلہ ہو چکا ہے، آئندہ سماعت تک اگر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہوا عدالتی حکم عدولی کے سنگین نتائج ہونگے۔ 

نمائندہ وزارت دفاع نے استدعا کی کہ عدالت ہمیں کچھ وقت دے، والد لاپتہ شہری نے کہاکہ اتنا وقت گزر چکا ہے، جج صاحب یہ لوگ آپکی ٹرانسفر کا انتظار کر رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں آپ یہاں نہ ہوں، اس لیے تاخیر کی جا رہی ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ کوئی بات نہیں مجھے ٹرانسفر پر کوئی مسئلہ نہیں، کوئی دوسرا آ کر کیس سن لے گا، والد لاپتہ شہری نے کہاکہ انہوں نے ہمارے لیے انصاف کے سارے دورازے بند کر دیئے ہیں۔

نمائندہ وزارت دفاع نے کہاکہ اس کیس میں کیے گئے جرمانوں کے خلاف ہماری اپیل سپریم کورٹ گئی تھی، اس بنچ کے ججز اب آئینی عدالت میں آ گئے ہیں، اس لیے کیس آگے نہیں بڑھا، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ آپ آئینی عدالت سے رجوع کر لیں، وہاں سے آپ کو آرڈر مل جائے گا۔

والد لاپتہ شہری نے کہاکہ ہمیں ان سے کوئی امید نہیں، یہ سارے کٹھ پتلیاں ہیں، یہ کیس میں التواء چاہتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت دفاع کے افسران کو اِن کیمرہ بریفننگ کیلئے ایک اور موقع دے دیا،عدالت نے کیس کی سماعت جنوری تک ملتوی کر دی۔

یہ بھی پڑھیں:سکولوں میں سردیوں کی چھٹیاں کب سے کب تک ہونگی؟ شیڈول جاری ہو گیا

دیگر کیٹیگریز: پاکستان
ٹیگز: