اسرائیل اور ہندوستان دونوں انٹرنیشنل دہشت گردی میں ملوث ہیں:خواجہ آصف

May 25, 2026 | 15:06:PM
اسرائیل اور ہندوستان دونوں انٹرنیشنل دہشت گردی میں ملوث ہیں:خواجہ آصف
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسرائیل اور بھارت دونوں انٹرنیشنل دہشت گردی میں ملوث ہیں،دہشت گرد بزدل اور بھارتی فنڈز پر چل رہے ہیں، ملک سے ان کا مکمل خاتمہ کریں گے۔

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، اور جعفر ایکسپریس اور نوشکی میں کیے جانے والے حملے بھی آسان ہدف تھے۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کرنے والے بزدل ہیں اور بھارتی فنڈز پر چل رہے ہیں، لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے، پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری سے پوری دنیا واقف ہے، ہم نے ایک سال قبل بھی بھارت کو عبرت ناک شکست دے کر ان کا غرور توڑا تھا۔

خواجہ آصف نے بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا جغرافیہ خیبر پختونخوا سے مختلف ہے، یہ رقبے کے لحاظ سے بڑا اور آبادی کے لحاظ سے چھوٹا صوبہ ہے، وہاں دور دور آبادی ہونے کی وجہ سے دہشت گرد پہاڑوں اور چھوٹی آبادیوں میں چھپ جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کسی زمانے میں ایران میں بھی دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہوتی تھیں، لیکن اب ایران سے پاکستان کے مضبوط تعلقات کی وجہ سے انہیں وہاں پناہ گاہیں میسر نہیں تاہم افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں اب بھی موجود ہیں جہاں وہ بڑی تعداد میں رہ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:غریب ملک  کے امیرافسران!’’شاہانہ تنخواہوں‘‘ نے سب کو حیران کر دیا

خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان کی طرف سے دہشت گردوں کی سرپرستی کی ایک وجہ فنڈز بھی ہیں لیکن ہم نے ماضی اور حال میں وہاں چھپے دہشت گردوں کو بڑا نقصان پہنچایا ہے۔

وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان سے غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، جو پاکستان کے لیے نیک خواہشات نہیں رکھتے انہیں ہماری سرزمین پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

انہوں نے جنرل عاصم منیر کے دورہِ ایران اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی ملاقاتوں کو انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایران کے تعاون سے ہم دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ جیت جائیں گے۔

انہوں نے خطے کی صورتحال کے تناظر میں محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ثالثی کے ذریعے مثبت نتیجے کے حل کے قریب ہے، انہوں نے ایرانی حکومت اور قوم کی ہمت کی تعریف کی جس نے پابندیوں کے باوجود خود کو سنبھالا۔

خواجہ آصف نے بھارت اور اسرائیل پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور ہندوستان دونوں انٹرنیشنل دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ کینیڈا میں بھارتی دہشت گردی کے تانے بانے ملنے پر وہاں احتجاج بھی ہوا تھا، دہشت گردی اب بھارتی حکومت کے ڈی این اے میں شامل ہو چکی ہے کیونکہ وہ ہندوتوا پالیسی پر چل رہے ہیں اور ان کے خلاف واضح ثبوت موجود ہیں۔

مزید پڑھیں:فتنہ الہندوستان کی دہشتگردی کیخلاف بلوچستان کی سیاسی قیادت متحد،کوئٹہ دھماکے پر شدید ردِ عمل

سیاسی اور آئینی معاملات پر بات کرتے ہوئے وزیرِ دفاع نے کہا کہ 28ویں ترمیم کے مندرجات ابھی سامنے نہیں آئے، مشاورتی عمل اور اتفاقِ رائے مکمل ہونے پر ہی اس کی کوئی شکل نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو کے مؤقف اور نظریے کا احترام کرتے ہیں اور امید ہے کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے ساتھ معاملات پر اتفاق ہو جائے گا، جبکہ اہم قانون سازی کے لیے پی ٹی آئی کا اتفاق ہونا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے یہ تجویز بھی دی کہ ملک میں بہتر انتظامی کنٹرول کے لیے صوبوں کو چھوٹے ایڈمنسٹریٹو (انتظامی) سسٹم میں لانا چاہیے۔