بنگلہ دیش : ٹرک الٹنے سے 15 افراد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)بنگلہ دیش کے ضلع ٹنگائل میں جمنا پل کے مشرقی حصے کے قریب سریا سے بھرے ایک ٹرک کے الٹنے سے کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ 10 کے قریب زخمی ہوگئے۔
مقامی حکام کے مطابق حادثہ سوموار کی صبح قریباً 5 بجے جمنا پل کے مشرقی راستے کے قریب سراتائل کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ڈھاکا سے شمالی بنگلہ دیش جانے والا ٹرک بے قابو ہو کر شاہراہ پر الٹ گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹرک میں سوار متعدد افراد گاڑی اور فولادی سریوں کے نیچے دب گئے، جس کے باعث جائے حادثہ پر بھاری جانی نقصان ہوا۔
جمنا برج ایسٹ پولیس اسٹیشن کے افسر انچارج فواد روحانی نے تصدیق کی کہ حادثے میں 15 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ امدادی ٹیموں نے کئی زخمیوں کو نکال کر ٹنگائل جنرل ہسپتال منتقل کیا۔
مزید پڑھیں:بنگلہ دیش کا پاسپورٹ پر دوبارہ ’’سوائے اسرائیل‘‘ لکھنے کااعلان
فائر سروس اور سول ڈیفنس حکام کے مطابق پولیس، فائر فائٹرز اور مقامی افراد نے مشترکہ طور پر امدادی کارروائیاں انجام دیں۔
ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ 4 شدید زخمی افراد کو ہنگامی طبی امداد کے لیے داخل کیا گیا ہے جبکہ بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر نوجوان افراد شامل ہیں جن کا تعلق شمالی بنگلہ دیش کے اضلاع نوگاؤں، راجشاہی اور چپائی نواب گنج سے تھا۔
ابتدائی اطلاعات میں ہلاکتوں کی تعداد 17 بتائی گئی تھی تاہم بعد ازاں پولیس نے تصدیق کے بعد تعداد 15 کر دی۔