پیڈیاٹرک وینٹیلیشن پرلاہورجنرل ہسپتال میں تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
کریٹیکل کیئر کے جدید رجحانات، پیڈیاٹرک وینٹیلیشن اور نازک حالت میں بیمار بچوں کی دیکھ بھال کےحوالے سے تربیتی سیشن ہوئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)لاہورجنرل ہسپتال میں پیڈیاٹرک وینٹیلیشن پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔
تربیتی ورکشاپ میں پیڈیاٹرک کریٹیکل کیئر کے جدید رجحانات، پیڈیاٹرک وینٹیلیشن اور نازک حالت میں بیمار بچوں کی دیکھ بھال کےحوالے سے تربیتی سیشن ہوئے جس میں پروفیسر محمد شاہد اور پروفیسر حسن سلیمان سمیت پیڈیاٹرک کریٹیکل کیئر ٹیم کے ارکان، سینئر فیکلٹی اور نوجوان ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہورجنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے بہتر علاج معالجے اور انہیں عالمی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نوجوان ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور کلینیکل صلاحیتوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے،جس کے لیے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ ٹریننگ ورکشاپ میڈیکل ریسرچ اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے میں کلیدی کردار ادا کرے گی جس کا براہِ راست فائدہ تشویشناک حالت میں ہسپتال لائے جانے والے ننھے مریضوں کو پہنچے گا اور ان کا علاج معالجہ مزید بہتر اور مؤثر انداز میں ممکن ہو سکے گا۔
ورکشاپ کے دوران پیڈیاٹرک انٹنسو کیئر یونٹس میں زیرِ علاج بچوں کے لیے وینٹیلیشن کی جدید ترین حکمتِ عملیوں، سانس کی بحالی کے لیے استعمال ہونے والی نئی ٹیکنالوجیز اور شواہد پر مبنی طبی طریقوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی، شرکاء نے ریسرچ اور جدید مشینری کے عملی استعمال کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ مریضوں کی جان بچانے کے عمل کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی، ایک ہی گھر کے 10 افراد ہسپتال داخل، 2 بچیاں جاں بحق
ورکشاپ کے شرکاء نے ماہرین اطفال کے اس تربیتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تعلیمی سرگرمیاں نوجوان ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ مہارت کو نکھارنے، مریضوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور بچوں کے علاج کا معیار بلند کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔اس موقع پر ہیلتھ پروفیشنلز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کے لیے صحت کی اعلیٰ خدمات کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل سیکھنے کا عمل اور باہمی تعاون کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔