گوجرانوالہ: معمولی تلخ کلامی پر 6 سالہ بچے پر ظلم کی انتہا، کان میں کیل ٹھونک دیا

Feb 25, 2023 | 10:30:AM
گوجرانوالہ: معمولی تلخ کلامی پر 6 سالہ بچے پر ظلم کی انتہا، کان میں کیل ٹھونک دیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(رانا زاہد اقبال) پنجاب کے شہر گوجرانوالا میں سفاک نوجوانوں نے معمولی تلخ کلامی پر چھ سالہ بچے کے کان میں کیل ٹھونک دی جو اُس کے دماغ تک پہنچ گئی۔

گوجرانوالہ کے علاقے اروپ میں سبزی فروش نے خاتون سے تلخ کلامی کے بعد اُن کے 6 سالہ بچے ارشمان کو اغواء کیا اور اُسے تشدد کا نشانہ بنایا۔

کرایے دار سفاک نوجوانوں نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارشمان کے کان میں چار انچ کی کیل ٹھونکی جو اُس کے دماغ تک پہنچی، اس دوران بچے کی حالت تشویشناک ہوئی تو ملزمان اُسے کھیتوں میں پھینک کر فرار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے: بہاولپور، بھتیجے نے 3 سگی پھوپھیوں کو قتل کردیا

والد کو جب اطلاع ملی تو وہ ارشمان کو زخمی حالت میں لے کر سول اسپتال پہنچے جہاں ڈاکٹرز نے فوری آپریشن کرکے کیل نکال دی تاہم زخم کی وجہ سے بچے کے چہرے اور آنکھوں میں بہت زیادہ سوجن آگئی، ڈاکٹرز نے بچے کو اپنی نگہداشت میں اسپتال میں ہی رکھا ہوا ہے۔

متاثرہ بچے کے والد بابر رؤف نے بتایا کہ انہوں نے تھانہ اروپ میں واقعے کا مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست دی مگر پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی اور نہ ہی تعاون کیا، اس دوران ملزمان علاقے سے فرار ہوگئے جبکہ ڈاکٹرز نے بھی میڈیکل رپورٹس فراہم نہیں کیں۔

دوسری جانب 24 نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد پولیس نے والد کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا، ایف آئی آر کے مطابق ملزمان متاثرہ بچے کے گھر کی بالائی منزل پر کرایے پر رہائش پذیر ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مالک نے کرایہ نامہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملزمان کو گھر کرایے پر دیا کیونکہ کرایہ نامہ اور دیگر تفصیلات بھی جمع نہیں ہیں۔ شکایت درج ہونے کے باوجود پولیس ملزمان کا سراغ لگانے میں تاحال ناکام ہے۔